حکومت و فوج سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے، تمام وسائل عوام کی خدمت کیلئے نچھاور کریں گے، وزیراعظم

شہبازشریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کا دورہ کیا جہاں انہیں متعلقہ حکام نے سوات، بونیر، شانگلہ اور صوابی میں امدادی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 20 اگست 2025 16:16

حکومت و فوج سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے، تمام وسائل عوام کی خدمت کیلئے ..
سوات ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اگست 2025ء ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اور فوج سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے، تمام وسائل عوام کی خدمت کیلئے نچھاور کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کا دورہ کیا جہاں انہیں متعلقہ حکام نے سوات، بونیر، شانگلہ اور صوابی میں امدادی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی، وزیراعظم شہبازشریف نے متاثرین سیلاب کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا اور فوج اور سول انتظامیہ کی خدمات کو سراہا، انہوں نے متعلقہ حکام کو متاثرہ علاقوں کی جلد بحالی کیلئے قومی وسائل بروئے کار لانے کی بھی ہدایت کی۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم اور آرمی چیف نے سیلاب سے جاں بحق افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی، وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے سیلاب متاثرین میں چیک تقسیم کیے گئے، اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ریسکیو اہلکاروں سے ملاقات کی انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی مدد اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جن کےعزیزاللہ کو پیارے ہوئے ان سے تعزیت کرتا ہوں، بادل پھٹے اور شدت سے طغیانی کی شکل اختیار کی، پانی پتھروں کے ساتھ آیا اور لوگوں کو موقع بھی نہ ملا، سیلاب سے خیبرپختونخواہ میں 350 سے زائد افراد شہید ہوئے، ملک بھر میں سیلاب سے مجموعی طورپر 700 افراد جاں بحق ہوئے، 2022ء میں بھی اسی طرح شدید آسمانی آفت آئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ وفاق تمام دستیاب وسائل عوام کی خدمت کیلئے نچھاور کرے گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کے ساتھ مل کرچیلنج کا مقابلہ کررہے ہیں، بجلی کے وزیر اور سیکرٹری پاورمتاثرہ اضلاع میں موجود ہیں، شاہراہوں کی بحالی کیلئے وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان گلگت میں ہیں، ابھی جامع میٹنگ ہوئی ہے، جس میں سپہ سالار اور کور کمانڈر پشاور بھی موجود تھے۔