Live Updates

تاشقند سے اسلام آباد کی پہلی پرواز کا اسلام آباد ایئرپورٹ پرپرتپاک استقبال،ازبکستان، تاجکستان، قازقستان اور آذربائیجان کے سفرا کی شرکت

ہفتہ 14 جون 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے زیرِ اہتمام ازبکستان ایئرلائن کی تاشقند سے اسلام آبادکی پہلی براہ راست پرواز (ایچ وائی ۔ 466)کا ہفتہ کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقدہ ایک رنگا رنگ تقریب میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس تاریخی موقع پر ایک استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں دونوں ممالک کی معزز شخصیات اور عہدیداروں نے شرکت کی۔

تقریب میں ازبکستان کے پاکستان میں سفیر علی شیر توختائف، پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمن رانا، اسلام آباد ایئرپورٹ کے منیجر، سید آفتاب علی شاہ گیلانی، ازبکستان ائیرویز کے کنٹری منیجر ، بختیار مومینوفاور دیگر وسطی ایشیائی ممالک کے سفارت کاروں کے علاوہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی(پی اے اے)، پی ٹی ڈی سی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) کے اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سفیر علی شیر توختائف نے اس موقع پر نئی براہ راست پرواز کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ یہ براہ راست فضائی راہداری دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں ایک اہم پیشرفت ہے اور وسطی و جنوبی ایشیا کے باہمی روابط کو بڑھانے کے ہدف کے عین مطابق ہے۔

پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹرآفتاب الرحمن رانا نے اس پرواز کو دونوں برادر ممالک کے درمیان ہوائی روابط کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ طویل عرصے سے انتظار میں رہنے والا ہوائی راستہ ای سی او، ایس سی او جیسے علاقائی فورمز پر زیر بحث آنے والے علاقائی رابطوں کے فروغ کے مطابق ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ یہ نیا راستہ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان کثیر شعبوں میں تعلقات کو گہرا کرے گا بلکہ سیاحت، عوام سے عوام کے روابط، کاروباری سفر، تعلیمی تبادلے اور ثقافتی تعاون کو بھی فروغ دے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ براہ راست رابطہ سیاحوں کے لیے بھی ایک بڑی سہولت فراہم کرے گا۔ پاکستانی سیاحوں کے لیے ازبکستان کے تاریخی شہر سمرقند، بخارا اور خیوا تک رسائی اب پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو گئی ہے۔ اسی طرح، ازبک سیاح پاکستان کے پرکشش شمالی پہاڑی علاقوں، مذہبی و روحانی ورثے اور ثقافتی مقامات کو باآسانی دیکھ سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برسوں میں مشترکہ تاریخی روابط، ثقافتی ورثے اور مذہبی ہم آہنگی کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحوں کی آمدورفت میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔

اب یہ ہفتہ وار پرواز سیاحوں، طلبا، زائرین اور پیشہ ور افراد کے لیے ایک سستا اور قابل اعتماد سفر کا ذریعہ بنے گی۔ دریں اثنا پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے ترجمان نے ہفتہ کو جاری بیان میں کہا کہ ازبکستان ایئرلائن کی تاشقند سے اسلام آباد کے لیے براہ راست پرواز (ایچ وائی ۔ 466) کی افتتاحی تقریب شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جو پاکستان اور وسطی ایشیا کے درمیان فضائی روابط کو فروغ دینے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔

افتتاحی پرواز ایک بجکر نو منٹ پر 126 مسافروں کو لے کر پہنچی،تقریب میں ازبکستان، تاجکستان، قازقستان اور آذربائیجان کے معزز سفرا نے شرکت کی۔ چیف آپریٹنگ آفیسر/ایئرپورٹ منیجر، منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور ازبکستان ایئرلائن کے کنٹری منیجر بھی اس موقع پر موجود تھے۔معزز مہمانوں نے اسٹینڈ نمبر تین پر مسافروں کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور لاؤنج ( اے فائیو) میں کیک کاٹنے کی رسمی تقریب منعقد ہوئی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی عالمی فضائی شراکت داری کے فروغ اور عالمی معیار کی مسافر خدمات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات