Live Updates

تعلیم اور صحت کے پی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں،بیرسٹر سیف

اتوار 15 جون 2025 17:55

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء)مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ تعلیم اور صحت خیبر پختونخوا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وڑن کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، صحت کارڈ پلس کے تحت صوبے کے 44 لاکھ شہریوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گردے، جگر، بون میرو اور کوکلئیر ٹرانسپلانٹ جیسے مہنگے اور جان لیوا علاج بھی صحت کارڈ میں شامل کئے گئے ہیں، صحت کا بجٹ گزشتہ سال کے مقابلے میں 19 فیصد بڑھا کر 232 سے 276 ارب روپے کر دیا گیا ہے، اسی طرح تعلیم کا بجٹ 11 فیصد بڑھا کر 327 سے 363 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ گزشتہ سال 16 ہزار اساتذہ بھرتی کئے گئے ہیں، رواں سال سکول سے باہر بچوں کی انرولمنٹ کیلئے 5 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے، صوبے کی جامعات کا بجٹ بھی 3 ارب روپے سے بڑھا کر 10 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات