Live Updates

پنجاب بھر کے سرکاری ملازمین و اساتذہ نے صوبائی بجٹ کو ملازمین دشمن بجٹ قرار دے دیا

پنشن میں 2 فیصد کمی ریٹائرڈ ملازمین کا معاشی قتل ہے، تنخواہوں پنشن میں اضافہ اور 30 فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس وفاق کی طرز پر دیا جائے، دشمن بجٹ کے خلاف ملازمین بھرپور احتجاجی تحریک چلائیں گے، ملازمین و اساتذہ تنظیموں کا شدید ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 16 جون 2025 21:37

پنجاب بھر کے سرکاری ملازمین و اساتذہ نے صوبائی بجٹ کو ملازمین دشمن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون 2025ء) صوبائی صدر پنجاب ٹیچرز یونین، پنجاب گورنمنٹ اسکولز ایسوسی ایشن آف کمپیوٹر ٹیچرز (پیکٹ) پنجاب کاشف شہزاد چودھری نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں حکومت مسلم لیگ نواز کی ہے لیکن بجٹ میں سرکاری ملازمین کو ریلیف میں تفریق کیوں؟ پنجاب بجٹ میں تنخواہیں 10فیصد اور پینشن 5 فیصد کرنے سے پنجاب کے سرکاری ملازمین کی وفاق اور دوسرے صوبوں کی نسبت تنخواہوں میں فرق مزید بڑھ گیا یے۔

یہ تفریق پنجاب کے محکموں میں بھی موجود یے۔ پنجاب کے سرکاری ملازمین کو امید تھی کہ تنخواہوں میں تفریق کے خاتمے کے لئے وفاق کی طرز پر 30 فیصد ڈسپیرٹی سپشیل الاؤنس دیا جائے گا۔ یہاں تو تفریق کو مزید بڑھا دیا گیا ہے۔ اسی طرح  پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر رانا انوار الحق، رانا لیاقت علی، امتیاز طاہر، یاسین وڑائچ ، ملک امام دین، نادیہ جمشید، چوہدری مسعود گجر،جام صادق ، زاہد رفیق چوہدری ، بشارت چٹھہ ، عبدالقیوم راہی ، سعید نامدار، افضل کیانی، چوہدری رفیق ، طاہر وڑائچ، ظفر جمال ، رحمت اللہ قریشی، عبد الطارق نیازی، رانا طارق، مرزا اختر بیگ، عابد محمود ڈوگر صفدر کالرو، شیکیل احمد چوہدری، منیر انجم و دیگر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے صوبائی بجٹ میں ملازمین کی مالی مشکلات کو کم کرنے کے لیے اقدامات نہیں اٹھائے بلکہ ملازمین کا کچومر نکال دیا ہے پنشن میں 2 فیصد کمی پنشنرز کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے وفاقی بجٹ میں اعلان کردہ 30 فیصد ڈسپییرٹی صوبائی ملازمین کو نہ دینا ملازمین دشمن اقدام ہے پنجاب حکومت کی ملازمین کش پالیسیوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملازمین کی معاشی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے وگرنہ سرکاری ملازمین و اساتذہ پنجاب بھر میں بھرپور احتجاجی تحریک چلائیں گے اور اپنے معاشی حقوق کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

مزید برآں صدر مرکزیہ پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب اللہ رکھا گجر نے بھی صوبائی بجٹ کو ملازمین دشمن بجٹ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت کم ازکم وفاق کی طرز پر تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کرے، جبکہ وفاق کی طرز پر ہی سرکاری ملازمین کو 30 فیصد اسپیشل ڈسپیرٹی الاؤنس دیا جائے۔ سرکاری ملازمین کے مطالبات تسلیم نہ کئے تو ظالمانہ بجٹ کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔

  یاد رہے پنجاب کا آئندہ مالی سال 2025-26ء کا 5335 ارب کا ٹیکس فری بجٹ پیش کر دیا گیا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا اور ریٹائر ملازمین کی پنشن میں 5 فیصد اضافہ کیا گیا، جبکہ اسپیشل ڈسپیرٹی الاؤنس کا بھی اعلان نہیں کیا گیا۔ جس پر سرکاری ملازمین اور اساتذہ سراپا احتجاج ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات