Live Updates

اسلامی تعلیمات ہی عالمی امن، عدل اور فلاح کا واحد راستہ ہیں، مفتی فیض القادری

جماعت غوثیہ اہلسنّت انٹرنیشنل کے امیر کا نوجوان نسل کو دین کی اصل روح سے جوڑنے کی ضرورت پر زور

اتوار 15 جون 2025 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء)جماعت غوثیہ اہلسنّت انٹرنیشنل کے امیر اور جامعہ غوثیہ طفیلیہ گلفشاں سوسائٹی کے مہتمم مفتی محمد فیض القادری نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں جب دنیا عدم استحکام، اخلاقی زوال، اور فکری انتشار کا شکار ہے، دین اسلام ہی وہ واحد ضابطہء حیات ہے جو امن، عدل، فلاح اور توازن کی ضمانت دیتا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اسلام نے ہر انسان کو عزت، برابری اور بنیادی حقوق کی ضمانت دی ہے۔ نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ قیامت تک کے لیے کامل نمونہ ہے، جس میں ہمیں بین المذاہب رواداری، عدل، سماجی انصاف، تعلیم، معیشت، اور اخلاقیات کے ہر پہلو پر رہنمائی ملتی ہے۔مفتی محمد فیض القادری نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم دین اسلام کی تعلیمات کو فقط تقریبات تک محدود رکھنے کے بجائے، انہیں اپنی عملی زندگی میں نافذ کریں۔

(جاری ہے)

نوجوان نسل کو فرقہ واریت، مغربی ثقافتی یلغار، اور سوشل میڈیا کے منفی اثرات سے بچاتے ہوئے دین کی اصل روح سے جوڑنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ غوثیہ طفیلیہ جیسے دینی ادارے نہ صرف دینی تعلیم کے مراکز ہیں بلکہ روحانیت، کردار سازی اور اسلامی تربیت کے مراکز بھی ہیں۔ ایسے ادارے معاشرے میں فکری، اخلاقی اور روحانی رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے علماء و مشائخ سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر معاشرتی بگاڑ، اخلاقی بے راہ روی، اور دین کے نام پر شدت پسندی جیسے رجحانات کا سدباب کریں اور محبت، امن اور اعتدال پر مبنی اسلام کا پیغام عام کریں۔مفتی صاحب نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی سطح پر اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوششیں بد نیتی پر مبنی ہیں، جبکہ اصل حقیقت یہ ہے کہ اسلام نے ہمیشہ ظلم کے مقابلے میں عدل، نفرت کے جواب میں محبت اور جنگ کے بدلے امن کو ترجیح دی ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات