ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی پشاور شہر کے 11 مقامات پر ہیٹ ریسپانس یونٹس قائم کر دیئے گئے

اتوار 15 جون 2025 19:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) ضلعی انتظامیہ پشاور کی زیر نگرانی شہر کے 11 مقامات پر ہیٹ ریسپانس یونٹس قائم کر دیئے گئے ہیں جن کا مقصد شہریوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنا اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نے اتوار کو سٹیڈیم چوک صدر میں ہیٹ ریسپانس یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) راؤ ہاشم عظیم، اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) داؤد سلیمی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (کینٹ) سید بشارت حسین، ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور سول ڈیفنس حکام موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے اس موقع پر کہا کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ پشاور نے بروقت اقدام اٹھاتے ہوئے شہریوں کی سہولت کیلئے یہ یونٹس قائم کیے ہیں۔

(جاری ہے)

شہریوں سے گزارش ہے کہ گرمی کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں قریبی ہیٹ ریسپانس یونٹ یا ریسکیو 1122 سے فوری رابطہ کریں۔ ضلعی انتظامیہ پشاور کے مطابق ہیٹ ریسپانس یونٹس میں شہریوں کو پانی، فوری طبی امداد، ابتدائی طبی مشورے اور ہنگامی صورتحال میں ریسکیو سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی تمام ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کے اثرات کو کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہیں۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ گرمی کی شدت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، زیادہ پانی پئیں، دھوپ میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر کسی شہری کو ہیٹ اسٹروک یا گرمی کی علامات ظاہر ہوں تو فوری قریبی یونٹ یا ہسپتال سے رجوع کریں۔

متعلقہ عنوان :