متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران نے صحت قانون کے نئے ضوابط کی منظوری دے دی

پیر 16 جون 2025 10:50

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران نے قانون صحت کے نئے ضوابط کی منظوری دے دی جو جولائی کے آخر تک نافذ العمل ہو ں گے ۔اردو نیوز کے مطابق نئے ضوابط کے تحت ان قوانین صحت کا اطلاق اقامہ کےاجرا، ورک پرمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا پر بھی کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں فیملی ہیلتھ کےلیے بھی نئے ضوابط پرعمل درآمد ہوگا جس کا مقصد صحت مند معاشرے کو پروان چڑھانا ہے۔

(جاری ہے)

نئے ضوابط پر عمل درآمد دبئی صحت کمیٹی متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کرے گی جس کے تحت 14 امورمخصوص کیے گئے ہیں جن میں کارکنوں کے اقاموں کا اجرا، ڈرائیونگ لائسنس اور پروفیشنل ڈرائیور کے لائسنس کا اجرا کے علاوہ صحت کارڈ جاری کرنے اور دیگر امور کے لیے میڈیکل ٹیسٹ اہم ہو گا۔ فیملی ہیلتھ سکیم کے تحت معمر افراد کو مکمل صحت خدمات کی فراہمی کےعلاوہ انہیں امور صحت کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے گی۔ خاندانی صحت کو بہتر بنانے کےلیے طبی ٹیسٹ اور شادی سے قبل وراثتی امراض کے ٹیسٹ کیے جائیں گے ۔