Live Updates

ویسٹ ورجینیا: طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب، 5 افراد ہلاک، 3 لاپتہ

میں 35 سال سے اس فیلڈ میں ہوں، لیکن ایسا منظر پہلے کبھی نہیں دیکھا،سربراہ امدادی ادارہ

پیر 16 جون 2025 12:07

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء)امریکا کی ریاست ویسٹ ورجینیا کے علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب سے 5 افراد ہلاک جبکہ 3 افراد لاپتہ ہو گئے۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق حکام نے بتایاکہ اوہائیو کانٹی اور ویلنگ کے مختلف حصوں میں صرف آدھے گھنٹے کے اندر 2.5 سے 4 انچ (تقریبا 6 سے 10 سینٹی میٹر) تک بارش ہوئی، جس کے بعد ندی نالے اچانک بھر گئے اور متعدد گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں۔

اوہائیو کانٹی ایمرجنسی مینجمنٹ کے ڈائریکٹر لو وارگو نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہمیں فوری طور پر 911 پر کالز موصول ہوئیں کہ لوگ پانی میں پھنس گئے ہیں۔ بنیادی ڈھانچے کو نقصان کے باعث کئی جگہوں پر رسپانس تاخیر کا شکار ہوا، میں 35 سال سے اس فیلڈ میں ہوں، لیکن ایسا منظر پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

(جاری ہے)

سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث بعض افراد کو درختوں پر پناہ لینی پڑی، گاڑیاں ندیوں میں بہہ گئیں، سڑکیں، پل، قدرتی گیس لائنز اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا، ویلنگ اور قریبی علاقوں میں ڈھائی ہزار سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہوگئی۔

اسی طرح میریئن کانٹی میں بھی تیز بارش کے بعد سیلاب آیا، جس سے کئی گھروں، سڑکوں اور پلوں کو شدید نقصان پہنچا، مقامی 911 ہیلپ لائن کو اب تک 165 سے زائد ایمرجنسی کالز موصول ہوچکی ہیں۔گورنر پیٹرک موریسی نے اوہائیو اور میریئن کانٹی میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے اور نیشنل گارڈ کو امدادی سرگرمیوں کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے، انہوں نے اس صورتحال کو یونیکورن ایونٹ قرار دیا۔ریسکیو حکام کے مطابق امدادی ٹیمیں دریا کناروں، زیرِ آب گاڑیوں اور ملبے کی تلاش میں مصروف ہیں، ڈرونز، سرچ ڈاگز اور سوئفٹ واٹر ریسکیو ٹیمیں بھی ان آپریشنز کا حصہ ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات