سعودیہ کی حج پرواز میں دھوئیں کے خوف پر ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی

ایئر کرافٹ ریسکیو اینڈ فائر فائٹنگ (اے آر ایف ایف) ٹیم نے ایئر لائن عملے کے ساتھ مل کر واقعے پر فوری ردعمل ظاہر کیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 16 جون 2025 13:07

سعودیہ کی حج پرواز میں دھوئیں کے خوف پر ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی
لکھنو ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون 2025ء ) سعودی عرب کی سرکاری فضائی کمپنی سعودیہ کی حج پرواز میں دھوئیں کے خوف پر بھارتی ہوائی اڈے پر ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جدہ سے عازمین حج کو لے کر جانے والی سعودیہ ایئر لائنز کی پرواز نے لکھنؤ ایئرپورٹ پر اس وقت خطرے کی گھنٹی بجا دی جب لینڈنگ کے فوراً بعد اس کے پہیوں سے دھواں اور چنگاریاں نکلتی دکھائی دیں۔

ہوائی اڈے کے حکام نے تصدیق کی کہ ایئر کرافٹ ریسکیو اینڈ فائر فائٹنگ (اے آر ایف ایف) ٹیم نے اس واقعے پر فوری ردعمل ظاہر کیا، ایئر لائن کی ٹیم کے ساتھ کام کرتے ہوئے وہ دھوئیں پر قابو پانے اور طیارے کو پہنچنے والے نقصان کو روکنے میں کامیاب رہے، مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، واقعے سے ایئرپورٹ آپریشن بھی متاثر نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

ہوائی اڈے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ 15 جون کی صبح جدہ سے لکھنؤ ہوائی اڈے پر اترنے والے سعودیہ ایئر لائنز کے طیارے کے پہیوں سے دھواں نکلنے کا پتہ چلا، جس پر اے آر ایف ایف کی ٹیم فوری موقع پر پہنچی اور سعودیہ کی ٹیم کے ساتھ مل کر دھویں پر قابو پاتے ہوئے طیارے کو نقصان سے بچا لیا گیا اور تمام مسافر بحفاظت جہاز سے اتر گئے، یہ پرواز سالانہ حج آپریشنز کا حصہ تھی جس میں اس سال ایک لاکھ سے زیادہ ہندوستانی عازمین مکہ گئے تھے۔

دوسری طرف دہلی کی طرف جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز کو ٹیک آف کے بعد فضا کے درمیان تکنیکی خرابی کے بعد واپس ہانگ کانگ لینڈ کرنا پڑ گیا، ایئر انڈیا کی فلائیٹ AI315 ہانگ کانگ سے دہلی جا رہی تھی کہ دوران پرواز پائلٹ کو تکنیکی خرابی کا شبہ ہوا، یہ پرواز بوئنگ 787 8 ڈریم لائنر کے ذریعے آپریٹ کی جارہی تھی جو ہانگ کانگ سے دہلی کے لیے روانہ ہوئی۔