Live Updates

پیپلزپارٹی جب سیلاب متاثرین کی بات کرتی ہے تو ن لیگی دوست اسے تنقید سمجھتے ہیں

پیپلزپارٹی سیلاب متاثرین اور کسانوں کیلئے آواز اٹھاتی رہے گی، بلاول بھٹو نے عالمی اداروں سے مدد لینے کی بات کی، تمام صوبے ریلیف پیکیج کیلئے بی آئی ایس پی کا ڈیٹا استعمال کرتے ہیں، ترجمان پیپلز پارٹی شازیہ مری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 23 ستمبر 2025 22:55

پیپلزپارٹی جب سیلاب متاثرین کی بات کرتی ہے تو ن لیگی دوست اسے تنقید ..
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 23 ستمبر 2025ء ) مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی جب سیلاب متاثرین کی بات کرتی ہے تو ن لیگی دوست اسے تنقید سمجھتے ہیں، پیپلز پارٹی سیلاب متاثرین اور کسانوں کیلئے آواز اٹھاتی رہے گی، بلاول بھٹو نے عالمی اداروں سے مدد لینے کی بات کی۔

انہوں نے جام نواز علی پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بات کریں تو ن لیگ کے دوست اسے تنقید سمجھتے ہیں، پنجاب میں سیلاب متاثرین خیموں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ شازیہ مری نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے درد کو سمجھتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو نے سالگرہ کا جشن منانے سے روک دیا، پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کا سب سے زیادہ شکار ہے، سندھ میں سیلاب سے 2.1 ملین گھر بن رہے ہیں، لاکھوں نئے گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، سندھ میں خواتین کو زمینوں کی صنعتوں دے کر بااختیار  بنایا گیا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کے مطابق شروع ہوا۔

(جاری ہے)

شازیہ مری نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پاس منفرد ڈیٹا موجود ہے، بی آئی ایس پی کے ڈیٹا سے 70 ارب روپے 2022 میں سیلاب متاثرین میں تقسیم کیے گئے، تمام صوبے مختلف ریلیف پیکیج دیتے وقت بی آئی ایس پی کا ڈیٹا استعمال کرتے ہیں، سیلاب کی تباہ کاری کے پیشِ نظر بلاول بھٹو زرداری نے عالمی اداروں سے مدد لینے کی بات کی۔ پاکستان اس وقت دنیا کے بدترین ماحولیاتی تبدیلی کے نتائج کا شکار ہے، چاہتے ہیں کہ سیلاب متاثرین کو بھرپور ریلیف دی جائے، پاکستان پیپلز پارٹی سیلاب سے متاثر خاندانوں اور کسانوں کے لیئے آواز اٹھاتی رہے گی۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی کو فراڈ کہنا پروگرام سے مستفید ہونے والے 1 کروڑ غریب گھرانوں کی توہین ہے، بدترین سیلابی صورتحال میں سیاسی پوائنٹ سکورنگ اچھی بات نہیں، یہ وقت گندی سیاست کا نہیں بلکہ عوام کے دکھ درد بانٹنے کا ہے۔ 
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات