لاہور میں تجاوزات کےخلاف گرینڈ آپریشن، 128 دکانیں سیل، 28 ٹرک سامان ضبط

پیر 16 جون 2025 15:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) لاہور میں ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ترجمان ضلعی انتظامیہ لاہور کے مطابق گلشن راوی، شادمان، فیروزپور روڈ، پیکو روڈ، ٹائون شپ اور کالج روڈ سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں اور اس دوران 128 دکانیں سیل جبکہ 28 ٹرک سامان قبضے میں لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس ضمن میں انسداد تجاوزات آپریشن کا مقصد شہریوں کو کشادہ سڑکیں، محفوظ راستے اور بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔میٹروپولیٹن آفیسر کاشف جلیل کے مطابق تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور شاہد عباس کاٹھیا نے کہا ہے کہ تجاوزات کے خلاف میگا آپریشنز کی نگرانی خود ڈپٹی کمشنر لاہور کر رہے ہیں اور ضلعی انتظامیہ دن رات لاہور کو تجاوزات سے پاک شہر بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے واضح کیا کہ لاہور میں تجاوزات کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کا خاتمہ نہ صرف شہریوں کے لیے آسانی کا باعث بنے گا بلکہ شہر کی خوبصورتی کی بحالی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔

متعلقہ عنوان :