بھکر ،ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد

پیر 16 جون 2025 16:18

بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس افسران، اہل تشیع مسلک سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام، لائسنسداران اورجلوس و مجالس کے منتظمین نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان، سیکیورٹی اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس میں اے ڈی سی جی ارشد وٹو، ایس پی انویسٹی گیشن شوکت کے علاوہ علمائے کرام اور جلوسوں کے منتظمین جن میں غلام حسین حسینی، فداحسین خان، محمد رضا پشیہ، مولانا قلب محمد علی شہانی، سید قلب عباس نقوی، سید ممتاز حسین شاہ، سید کریم حیدر شاہ اور سید قیصر عباس نقوی شامل تھے۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداری کے جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے جامع انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تمام متعلقہ محکمے مکمل رابطے میں ہیں اور ضلعی سطح پر کنٹرول روم بھی قائم کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس کی کلئیرنس، صفائی، روشنی، پانی کی فراہمی اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے گا۔ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جارہے ہیں اور پولیس کے ساتھ ساتھ دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی تعینات ہونگے۔علمائے کرام اور منتظمین نے انتظامیہ کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور بعض مقامات پر درپیش مسائل کی نشاندہی بھی کی گئی جنہیں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی جانب سے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔\378