دبئی کے اقامہ، ورک پرمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس کیلئے نئی میڈیکل شرائط

یو اے ای کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے نئے صحت قانون کے ضوابط کی منظوری دی

Sajid Ali ساجد علی پیر 16 جون 2025 16:18

دبئی کے اقامہ، ورک پرمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس کیلئے نئی میڈیکل شرائط
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون 2025ء ) متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے اقامہ، ورک پرمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس کیلئے نئی میڈیکل شرائط عائد کردی گئیں۔ امارات الیوم کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب صدراور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی جانب سے نئے صحت قانون کے ضوابط کی منظوری دی گئی ہے جن پر جولائی کے آخر تک نافذ العمل ہوگا، نئے صحت قوانین کا اطلاق اقامہ کے اجراء، ورک پرمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول پر بھی کیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ فیملی ہیلتھ کے لیے بھی نئے ضوابط پرعمل درآمد ضروری قرار دیا گیا ہےجس کا مقصد صحت مند معاشرے کو پروان چڑھانا ہے، نئے ضوابط پر عمل درآمد دبئی صحت کمیٹی متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کرے گی جس کے تحت 14 امور کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں سے کارکنوں کے اقاموں کا اجراء، ڈرائیونگ لائسنس اور پروفیشنل ڈرائیورز کے لائسنس کا اجراء بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ نئے ضوابط کے تحت صحت کارڈ جاری کرنے اور دیگر امور کے لیے بھی میڈیکل ٹیسٹ اہم ہوگا، فیملی ہیلتھ سکیم کے تحت معمر افراد کو مکمل صحت خدمات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انہیں صحت کے دیگر امور کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی جائے گی، خاندانی صحت کو بہتر بنانے کے لیے خاندان کے افراد کے طبی ٹیسٹ اور شادی سے قبل وراثتی امراض کے ٹیسٹ کیے جائیں گے، امراض کے بارے میں قبل ازوقت معلومات حاصل کرنے کے لیے خاص طور پر حمل کے دوران ان ٹیسٹوں کو اہم قرار دیا گیا ہے۔

یو اے ای کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کا کہنا ہے کہ آسان، تیز اور زیادہ موثر سرکاری خدمات تخلیق کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی حکومت کے بیوروکریسی زیرو پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں ہم نے سروس ڈیلیوری کے وقت میں 70 فیصد سے زیادہ کمی کی، 4 ہزار سے زیادہ غیر ضروری طریقہ کار کو ختم کیا اور صارفین کے سفری اخراجات اور وقت میں 12 ملین گھنٹے سے زیادہ کی بچت کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم 30 سے ​​زیادہ سرکاری ایجنسیوں اور 690 ورک ٹیموں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے حکومتی طریقہ کار کو آسان بنانے اور کم کرنے میں تعاون کیا، ہم ان کامیابیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اپنی کوششوں کو مزید تیز کر رہے ہیں، ہمارا مقصد پیچیدگی کے بغیر حکومت، بغیر انتظار کے خدمات اور ایسے نتائج کا حصول ہے جو لوگوں کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لاتے ہیں۔