Live Updates

خیبرپختونخوا 2025-26 بجٹ : 810 نئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 88ارب روپے مختص

پیر 16 جون 2025 19:26

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) خیبرپختونخوا حکومت نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں 810 نئے ترقیاتی منصوبے شامل کرتے ہوئے ان کے لئے88ارب روپے مختص کردیئے ہیں ۔سرکاری دستاویزات کے مطابق مجموعی طور پر خیبرپختونخوا میں ترقیاتی سکیموں کی تعداد 2,159 تک پہنچ گئی ہے، جن کے لیے مجموعی طور پر 323 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ رکھا گیا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق1,349 جاری منصوبوں پر 235 ارب روپے جبکہ 810 نئی اسکیموں پر 88 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے ، ترقیاتی بجٹ میں مختلف شعبوں کو شامل کیا گیا ہے، جن میں زراعت، تعلیم، صحت، توانائی، سڑکیں، سیاحت، پانی، صنعت، کھیل، ماحولیات اور شہری ترقی کے منصوبے نمایاں ہیں۔اہم شعبہ جات میں مختص ترقیاتی منصوبوں میں زراعت میں18نئی اور 28جاری سکیمیں،صحت میں 93نئی اور 89پرانی سکیمیں شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

اسی طرح تعلیم میں 43نئی اور 116جاری سکیمیں،توانائی و بجلی کی 18نئی اور 41پرانی جبکہ سڑکوں کی تعمیر سے متعلق سب سے زیادہ 221نئی اور 362پرانی سکیمیں شامل ہیں ۔اسی طرح سیاحت میں23نئی اور 37پرانی ،کھیل میں 19نئی اور 32پرانی جبکہ مواصلات و اربن ڈویلپمنٹ میں18نئی اور 70پرانی اسکیمیں شامل کی گئی ہیں ۔پانی کے منصوبوں میں 69نئی اور 151پرانی سکیموں کے علاوہ مذہبی امور، بورڈ آف ریونیو، خوراک، لیبر، لائیو اسٹاک، محکمہ قانون، محکمہ داخلہ اور ریلیف و آبادکاری جیسے کئی محکموں میں درجنوں نئے و جاری منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔

ترقیاتی بجٹ میں صوبے کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، سماجی خدمات کی فراہمی، دیہی ترقی، روزگار کی فراہمی اور ماحولیاتی تحفظ پر فوکس دیا گیا ہے۔ماہرین کے مطابق بجٹ صوبے کی معیشت میں بہتری، عوامی فلاح و بہبود اور دیرپا ترقی کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات