خواتین معاشرتی و ملکی ترقی میں برابر کی شراکتدار ہیں، فیصل کنڈی

پیر 4 اگست 2025 22:20

خواتین معاشرتی و ملکی ترقی میں برابر کی شراکتدار ہیں، فیصل کنڈی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ خواتین معاشرتی و ملکی ترقی میں برابر کی شراکتدار ہیں، ہمارے صوبہ کی خواتین کسی بھی شعبہ میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں،پشتون معاشرے نے ہمیشہ عورت کو عزت و قدر کا مقام دیا ہے، خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے پیپلزپارٹی نے ہمیشہ قابل قدر اقدامات اٹھائے ہیں، صوبہ کے جنوبی اضلاع کی خواتین کیلئے بنوں میں پہلی وویمن یونیورسٹی قائم کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیرکے روز گورنرہاوس پشاور میں بنت حوا اچیومنٹ ایوارڈ تقسیم کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی عاصمہ عالم، بنت حوا فورم کے بانی عالمزیب ، سابق صوبائی محتسب رخشندہ نازسمیت صحت، تعلیم، سماجی شعبہ ، کھیل اوردیگرشعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر نے بنت حوا فورم کیجانب سے باصلاحیت خواتین میں ایوارڈ تقسیم کئے۔

بنت حوا فورم کیجانب سے تعلیم،صحت، کھیل، ادب، صحافت،آئی ٹی، ساننس و سماجی شعبہ میں نمایاں خدمات انجام دینے والی خواتین کو ایوارڈ دئیے گئے۔رخشندہ ناز، فرزانہ علی ، نسرین امان کولائف ٹائم ایچومنٹ ایوارڈزبھی دیے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے ایوارڈ ز وصول کرنے والی باصلاحیت خواتین کو مبارکباد دی اورمختلف شعبوں میں باصلاحیت خواتین کی حوصلہ افزائی کرنے پر بنت حوا فورم کی انتظامیہ اور سپانسرز کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہاکہ بنتِ حوا ایوارڈز کی یہ تقریب اس بات کا ثبوت ہے کہ خیبرپختونخوا کی روایات و اقدار، اور ہمارے پشتون معاشرے نے ہمیشہ عورت کو نہ صرف عزت و قدر کا مقام دیا ہے۔ بلکہ انکی خاندانی امور سے لیکر معاشرتی و سماجی خدمات کو بھی بھرپورسراہا ہے۔گورنرنے کہاکہ پاکستان کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم شہید بینطیر بھٹو پوری دنیا میں پاکستانی خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں،شہید بینطیر بھٹو کو دنیا میں عزت و وقار، غیرت اور دلیرانہ قیادت کے نام سے یاد کیاجاتا ہے،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسا انقلابی قدم اسی وژن کی عکاسی ہے، جو آج پاکستان کا سب سے بڑا فلاحی پروگرام ہے۔

گورنرنے کہاکہ خواتین کو خودمختار کئے بغیر ترقی و خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہاکہ بحیثیت گورنر وویمن ایمپاورمنٹ اوریوتھ انگیجمنٹ میرے بنیادی ایجنڈے میں شامل ہیں،صوبہ کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانے کیلئے پروگرام متعارف کرا رہے ہیں، ہم سب نے ملکر اپنی خواتین کو وہ عزت و توجہ دینی ہے جسکی وہ نہ صرف طلبگار ہیں بلکہ حقدار بھی ہیں۔ آخر میںگورنرنے فورم کی جانب سے منتظمین میں بھی ایوارڈز تقسیم کئے۔