گست کو پاکستان کی تاریخ کا س ب سے کنسرٹ منعقد ہوگا ،سعید غنی

پاکستان کے تمام بڑے بڑے میوزک گروپس اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے،وزیر بلدیات سندھ

پیر 4 اگست 2025 22:45

گست کو پاکستان کی تاریخ کا س ب سے کنسرٹ منعقد ہوگا ،سعید غنی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ 13 اگست کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے کنسرٹ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جشن آزادی اور معرکہ حق کے عنوان سے منعقد کیا جارہا ہے، جس میں پاکستان کے تمام بڑے بڑے میوزک گروپس اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ 9 اگست کو ایکسپو سینٹر کراچی میں بھی ایک عظیم الشان مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا ہے۔

یوم آزادی اور معرکہ حق کے حوالے سے سندھ بھر میں منعقد ہونے والی تمام تقریبات کسی سیاسی یا سندھ حکومت نہیں بلکہ عوام کی تقریبات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ایکسپو سینٹر کراچی اور نیشنل اسٹیڈیم کے دورے کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، ڈپٹی کمشنر ایسٹ، ٹان میونسپل کارپوریشن چنیسر ٹان کے چیئرمین فرحان غنی، جنرل مینیجر نیشنل اسٹیڈیم ارشد خان، ایس ایس پی ایسٹ، ڈی آئی جی ٹریفک سمیت پولیس کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سعید غنی نے کہا کہ آج ہم نے جشن آزادی کے حوالے سے جو تقریبات ہونی ان جگہوں کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پورے سندھ میں جشن آزادی اور بھارت سے جنگ کی فتح معرکہ حق کو شاندار انداز میں منایا جارہا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والا 13 اگست کا کنسرٹ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا کنسرٹ ہوگا، جس میں پاکستان کے بڑے بڑے گلوکار، فنکار اور گروپس اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے اور یہ کنسرٹ کی کوئی ٹکٹ نہیں ہے اور ہر شہری کے لئے فری انٹری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کے کنسرٹ کے لئے رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جارہا ہے۔ جبکہ یہاں صرف خواتین کے لئے علیحدہ، فیملی کے لئے علیحدہ انکلوزرز بنائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف مقامات پر لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا اور بڑی بڑی اسکرین لگائی جائیں گی۔ پارکنگ کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں جبکہ سیکورٹی کے کئے فل پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ یہ وہ گلوکار ہیں جن کے کنسرٹ کا ایک ٹکٹ ہزاروں روپے کا ہوتا ہے، لیکن یوم آزادی پر یہ کنسرٹ فری میں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شہریوں سے گزارش ہے کہ آپ لوگ جشن آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں۔ ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات صرف نیشنل اسٹیڈیم میں ہی نہیں ہر جگہ ہوں گی۔

کشتی کی ریلی، بائیک ریلی، ہیوی بائیک ریلی اور بہت کچھ ہونے جارہا ہے۔ ٹریفک کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر شہر میں بڑے ایونٹ ہوں گے تو لوگ تو سڑکوں پر نکلیں گے اور بڑی تقریبات پر ٹریفک کا نظام تھوڑا متاثر ہوتا ہے، اس حوالے سے انتظامیہ کی جانب سے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے تاکہ لوگوں کو مسائل نہ ہوں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم صرف یوم آزادی ہی نہیں منا رہے ہیں بلکہ یہ بھارت کی شکست کا جشن بھی ہوگا۔

ایک اور سوال پر سعید غنی نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات صرف پیپلز پارٹی کی نہیں بلکہ سب کی ہیں اس میں شرکت کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پیپلز پارٹی کے کارکنان کو سختی سے ہدایات کی ہے کہ کوئی بھی پیپلز پارٹی کا جھنڈا نہ لائے صرف پاکستان کا جھنڈا سب کے ہاتھوں میں ہونا چاہیے۔ اخراجات کے تخمینہ کے سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ حکومت نے ان تقریبات کا کوئی بجٹ مختص نہیں کیا ہے۔

زیادہ تر اخراجات بڑی بڑی کمپنیاں اور دیگر پرائیویٹ سیکٹرز اٹھا رہے ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم والا پروگرام انڈس موٹرز کے تعاون سے اسی طرح حیدرآباد میں ہونے والا تاریخی کنسرٹ عارف حبیب گروپ گروپ جبکہ کرائون موٹر سائیکل کی جانب سے موٹر بائیک ریلیاں اسی طرح دیگر بینکوں اور نجی اداروں کے تعاون سے یہ تمام تقریبات منائی جارہی ہیں اور اگر ضرورت ہوئی تو سندھ حکومت بھی اس کے کئے فنڈز مہیا کرے گی کیونکہ اس طرح کے ایونٹ بالخصوص اس سال جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات ہر سال نہیں آتی اور ہم سب اس دن کو شایان شان طریقے سے منائیں گے۔

اس موقع پر صدر آرٹس کونسل احمد شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے نیشنل اسٹیڈیم میں کیا جانے والا یہ پروگرام منفرد ہے۔ اس پروگرام میں بڑے بڑے سنگر آئیں گے۔ یہاں جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا جائے گا اور جشن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پورا ایونٹ فری آف کاسٹ ہے، شہری اپنا اوریجنل شناختی کارڈ ساتھ لائیں۔ ایک سوال پر احمد شاہ نے کہا کہ یہ پروگرام ان بچوں ان خواتین اور مردوں کے لیے ہے جو غریب ہیں۔