Live Updates

سپیکر پنجاب اسمبلی کی مالی سال2025-26کا بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلی مریم نواز اور ان کی ٹیم کو مبارکباد

پیر 16 جون 2025 22:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے مالی سال 2025-26کا بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور ان کی اقتصادی ٹیم کو دلی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب اور ان کی ٹیم نے عوامی امنگوں کے عین مطابق فلاحی، ترقیاتی اور حقیقت پسندانہ بجٹ پیش کیا ہے، جو صوبے کی معاشی خودمختاری اور پائیدار ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔

(جاری ہے)

سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کو بحران سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ بجٹ میں متوسط طبقے کو حقیقی ریلیف فراہم کیا گیا ہے، جو قابلِ تحسین اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم، زراعت اور صنعت جیسے اہم شعبوں کے لیے ریکارڈ وسائل مختص کئے گئے ہیں، جو حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا مظہر ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے اس بجٹ کو محض اعداد و شمار کا مجموعہ نہیں بلکہ عوامی فلاح و بہبود کا ایک جامع منشور بنایا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب حکومت نے عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے خلوصِ نیت سے عملی اقدامات کئے ہیں، جو اس بجٹ میں واضح طور پر نظر آتے ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات