شفاف انتخابات، آئین وقانون کی بالادستی سے ملک آگے بڑھے گا، سراج الحق

پیر 16 جون 2025 23:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء)سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شفاف انتخابات ملک کی ضرورت ہیں۔ دین کا لبادہ اوڑھ کر تشدد، دہشت گردی اور فرقہ واریت پھیلانے والے دین اور امت کے دشمن ہیں۔ سابق امیر جماعت نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے ہر شعبے میں مداخلت کی ہے، یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے، آئین و قانون کی بالادستی سے ہی ملک آگے بڑھے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا حماس محض عسکری نہیں نظریاتی تحریک ہے، نظریاتی تحریک کا خاتمہ ممکن نہیں، دنیا میں حق و باطل کا معرکہ برپا ہے، اہل غزہ نے حق وباطل کی واضح لکیر کھینچ دی، ہم حق کے علمبردار ہیں اور اس کے لئے ہمیں جدوجہد کرنی ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے وقتی سیاست کی اور نہ قومیت اور ایشوز پر سیاست کی بلکہ نظریہ کی دعوت دی۔ جماعت اسلامی اسی نظریہ کی بنیاد پر دعوت اور سیاست جاری رکھے۔ اللہ ہمیں حق وباطل میں تمیز اور حلف رکنیت کے تقاضے پورے کرنے کی توفیق دے۔