سی ڈی اے تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے مارکیٹوں کو جدید خطوط پر استوار کرے ، صدر آئی سی سی آئی

پیر 16 جون 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ناصر منصور قریشی نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( سی ڈی اے ) کے چیئرمین چوہدری محمد علی رندھاوا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وافر فنڈز مختص کریں اور اسلام آباد کی کمرشل مارکیٹوں میں فوری ترقیاتی کام شروع کریں۔ کمرشل مراکز کی ابتر حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے ان مراکز میں کوئی قابل ذکر ترقیاتی کام نہیں ہوا۔

انہوں نے کئی اہم مسائل کی نشاندہی کی جن میں غیر فعال سٹریٹ لائٹس، ٹوٹے پھوٹے فٹ پاتھ، پینے کے صاف پانی کی کمی، عوامی بیت الخلا ءکی کمی، سیوریج کی بند لائنیں اور ناقص صفائی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حالات وفاقی دارالحکومت کے امیج کی عکاسی نہیں کرتے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہئے۔

(جاری ہے)

پیر کو یہاں چیمبر ہائوس میں تاجروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ناصر منصور قریشی نے تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لئے آئی سی سی آئی کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چیمبر رکاوٹوں کو دور کرنے، کاروبار دوست پالیسیوں کو فروغ دینے اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی آئی اسلام آباد کو کاروبار میں آسانی کے لئے ایک ماڈل سٹی اور مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے ایک اہم مقام بنانے کے لئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتکار اور تاجر سی ڈی اے کو مختلف ٹیکس ادا کر رہے ہیں اور اس کے ریونیو میں نمایاں حصہ ڈال رہے ہیں، اس لئے یہ شہری ادارے کی ذمہ داری ہے کہ وہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مارکیٹوں کو جدید خطوط پر استوار کرے۔

صدر آئی سی سی آئی نے یاد دلایا کہ تاجر برادری نے مارکیٹوں سے تجاوزات ہٹانے میں سی ڈی اے کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے اور اب یہ شہری ادارے کی ذمہ داری ہے کہ وہ طویل عرصے سے التوا میں پڑے ترقیاتی کاموں کو شروع کرکے بازاروں کو ایک باعزت اور فعال حالت میں بحال کر ے۔