Live Updates

پیرا میڈیکل الائنس کی کال پر ملازمین دشمن بجٹ کے خلاف سول اسپتال حیدرآباد میں احتجاجی مظاہرہ

پیر 16 جون 2025 21:30

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء) پیرا میڈیکل الائنس کی کال پر ملازمین دشمن بجٹ کے خلاف سول اسپتال حیدرآباد میں شریف پالاری، قادر راجپر، سید عمران شاہ، کامران عباسی اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، رہنماں نے حالیہ بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے ملازم دشمن قرار دیا، رہنماں کا کہنا تھا کہ نئے سال کا بجٹ ملازم اور عوام دشمن بجٹ ہے جس میں ملازمین کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔

(جاری ہے)

ملازمین کی تنخواہوں میں معمولی اضافہ اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 8 فیصد اضافہ ملازمین کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی عروج پر پہنچ چکی ہے اور اسے کوئی نہیں روکنے والا نہیں ہے مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ غریب عوام دو وقت کے کھانے کے لیے پریشان ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فیصد اضافے کے ساتھ ساتھ ڈسپرسل الانس کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے تاکہ ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کو ختم کیا جائے بصورت دیگر وہ 19 جون کو سندھ اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے اور مطالبہ کیا کہ ان کے مطالبات تسلیم کیے جائیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات