Live Updates

سندھ حکومت نے بجٹ میں تنخواہوں میں 60 فیصد اضافے کی بجائے 12 فیصد اضافہ کر کے ملازمین کے ساتھ ناانصافی کی ہے، ینگ ٹیچرز الائنس سندھ

منگل 17 جون 2025 03:25

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء) ینگ ٹیچرز الائنس سندھ نے اپنے مطالبات کے سلسلے میں حیدرآباد پریس کلب پر سلیمان، ارشد علی، ذاکر حسین اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا، رہنماں کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے بجٹ میں تنخواہوں میں 60 فیصد اضافے کی بجائے 12 فیصد اضافہ کر کے ملازمین کے ساتھ ناانصافی کی ہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی اور گیس کے بھاری بھرکم بلوں نے متوسط طبقے کا جینا محال کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ معمول بن چکا ہے لیکن حکومت مہنگائی روکنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ سرمایہ دار صنعتکار اشیائے خوردونوش اور ادویات کی قیمتیں اپنی مرضی سے بڑھا دیتے ہیں۔ کوئی انہیں روکنے والا نہیں ہے۔ منتخب نمائندوں کی تنخواہوں اور بیورو کریسی کے الانسز میں 400 فیصد اضافہ اور غریب ملازمین کے لئے اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر اضافہ غریبوں سے جینے کا حق چھینے کے مترادف ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ محکمہ تعلیم کے ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں مہنگائی کے مطابق اضافہ کیا جائے اور ریلیف دیا جائے۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات