لاہور، پسند کی شادی کرنے والے نوبیاہتا جوڑے کو گھر میں گھس کر قتل کردیا

مقتولین کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان ہیں تاہم تاحال ان کی شناخت نہیں ہو سکی، مقتولین نے چند روز قبل ہی پسند کی شادی کی تھی جس پر لڑکی کے اہلخانہ رضامند نہیں تھے، پولیس

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 17 جون 2025 14:40

لاہور، پسند کی شادی کرنے والے نوبیاہتا جوڑے کو گھر میں گھس کر قتل کردیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17جون 2025)صوبائی دارالحکومت لاہور میں پسند کی شادی کرنے والے نوبیاہتا جوڑے کو گھر میں گھس کر قتل کر دیاگیا، واردات کے بعد نامعلوم ملزمان موقع سے فرار ہو گئے،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے،پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان ہیں تاہم تاحال ان کی شناخت نہیں ہو سکی۔ بتایا گیا ہے کہ کاہنہ کے علاقے نور پارک میں دوہرے قتل کی خوفناک واردات ہوئی جہاں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر میاں بیوی کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ کاہنہ کے رہائشی مقتولین نے چند روز قبل ہی پسند کی شادی کی تھی جس پر لڑکی کے اہلخانہ رضامند نہیں تھے۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد نامعلوم ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس کی جانب سے ابتدائی شواہد سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ قتل غیرت کے نام پر کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل بھی لاہور کے علاقے ستوکتلہ میں موٹر سائیکل پر سوار 4 افراد نے فائرنگ کر کے باپ بیٹے کو قتل کر دیاتھا۔ملزمان نے گھر میں گھس کر باپ اور بیٹے پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر جاں بحق ہو گئے تھے۔

واقعے کے بعد چار ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے تھے۔مقتولین کی شناخت 45 سالہ سعید اور ان کے 22سالہ بیٹے شمشیر کے نام سے ہوئی تھی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے لاشیں مردہ خانے منتقل کر دیں تھیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ پسند کی شادی پر ہونے والے تنازعہ کا نتیجہ تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ مسلح ملزمان مقتول سعید کے بیٹے احسن کو قتل کرنے کے ارادے سے ان کے گھر آئے تھے تاہم احسن کو گھر پر موجود نہ پاکر انہوں نے اس کے باپ اور بھائی کو قتل کر دیاتھا۔

مقتول شمشاد کے بھائی احسن کی پسند کی شادی پر تنازعہ کے باعث یہ واردات ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق احسن نے پسند کی شادی کی تھی جس پر ملزمان اس سے نالاں تھے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا۔