Live Updates

گزشتہ مالی سال کے دوران ترقیاتی بجٹ کا 98 فیصد اجرا بڑی کامیابی ،وزارتوں، بیوروکریسی ،وزیر خزانہ کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے ، وزیراعلیٰ بلوچستان

منگل 17 جون 2025 20:54

گزشتہ مالی سال کے دوران ترقیاتی بجٹ کا 98 فیصد اجرا بڑی کامیابی ،وزارتوں، ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان کابینہ کا اہم اجلاس یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کابینہ کے اراکین نے متفقہ طور پر آئندہ مالی سال کے بجٹ کو صوبے کے عوام کی ضروریات، ترقیاتی اہداف اور اصلاحاتی اقدامات سے ہم آہنگ قرار دیا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے محدود وسائل کے باوجود عوامی فلاح، ترقیاتی ترجیحات، اور ادارہ جاتی اصلاحات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع اور متوازن بجٹ ترتیب دیا ہے اجلاس کے دوران دی گئی بریفنگ کے مطابق مالی سال 2025-26 کے لیے بجٹ کا کل حجم 1020 ارب روپے رکھا گیا ہے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ترقیاتی بجٹ کا 98 فیصد اجرا ایک بڑی کامیابی ہے جو تمام وزارتوں، بیوروکریسی اور وزیر خزانہ کی ٹیم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے انہوں نے کہا کہ اسکل ڈویلپمنٹ بلوچستان حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے۔

(جاری ہے)

مشیر برائے محنت اور ان کی ٹیم کی کاوشوں سے یہ منصوبہ نہ صرف کامیابی سے جاری ہے بلکہ اس کے تحت 2300 نوجوانوں کے دوسرے بیچ کو جلد تربیتی مراحل کے لیے روانہ کیا جائے گا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زرعی ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن کا بڑا منصوبہ شفافیت سے جاری ہے، جس کے لیے وفاقی حکومت سے آخری قسط جلد متوقع ہے 60 ارب روپے کے میگا پراجیکٹس میں اسٹیٹ بینک کے ذریعے رقوم براہ راست زمینداروں کو منتقل ہو رہی ہیں جو شفافیت کی عملی مثال ہے انہوں نے کہا کہ تعلیم کا شعبہ ایک بڑا چیلنج تھا، لیکن بلوچستان حکومت نے ایس بی کے کا مسئلہ حل کرتے ہوئے 3200 بند اسکولوں کو دوبارہ فعال کر دیا ہے صحت کے شعبے میں بھی ایک انقلابی قدم اٹھایا گیا ہے جس کے تحت رواں ماہ کے اختتام تک 150 بیسک ہیلتھ یونٹس کو ٹیلی میڈیسن کے نظام سے منسلک کر دیا جائے گا پینشن اصلاحات کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے بیوروکریسی، خصوصاً چیف سیکریٹری شکیل قادر خان کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ طویل المیعاد مالی نظم و نسق کے لیے اصلاحات ناگزیر تھیں جو اب کامیابی سے مکمل ہو چکی ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کو اس بار بجٹ میں سنجیدگی سے شامل کیا گیا ہے تاکہ انصاف کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے سال ہر ضلع میں ریسکیو 1122 کی موجودگی یقینی بنائی جائے گی تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس مہیا ہو سکے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نئے بجٹ میں اسٹریٹیجک اور لائیولی ہڈ پراجیکٹس کو اہمیت دی جا رہی ہے اس کے علاوہ ایریگیشن، کمیونیکیشن، تعلیم، صحت، امن و امان اور موسمیاتی تبدیلی کو بجٹ کی مرکزی ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے کابینہ نے ترقیاتی بجٹ کے 98 فیصد اجرا پر اتحادی حکومت، وزیر خزانہ، پلاننگ ڈپارٹمنٹ اور بیوروکریسی کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات