Live Updates

ہمارا صبر جواب دے رہا ہے ایران غیرمشروط طور پر ہتھیار ڈال دے

ہمیں ایران کی فضائی حدود پر مکمل کنٹرول حاصل ہے، ایران امریکا کا مقابلہ نہیں کرسکتا، ہمیں معلوم ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر کہاں چھپے ہیں، ہم فی الحال انہیں مارنے نہیں جارہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 17 جون 2025 22:09

ہمارا صبر جواب دے رہا ہے ایران غیرمشروط طور پر ہتھیار ڈال دے
واشنگٹن ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔17 جون 2025ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دی ہے کہ ایران غیرمشروط طور پر ہتھیار ڈال دے،ہمارا صبر جواب دے رہا ہے،ہمیں معلوم ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر کہاں چھپے ہیں۔ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں امریکی صدر نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اب ہمیں ایران کی فضائی حدود پر مکمل کنٹرول حاصل ہے، ایران کے پاس اچھے فضائی ٹریکرز اور دیگر دفاعی سازوسامان موجودہ تھا، ایران کے پاس یہ سامان بڑی مقدار میں تھا، ایران کا سازوسامان امریکی دفاعی سازوسامان کا مقابلہ نہیں کرسکتا،کوئی بھی امریکا سے اچھا دفاعی سازوسامان نہیں بنا سکتا۔

ہمیں معلوم ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر کہاں چھپے ہوئے ہیں، ہم فی الحال ایرانی سپریم لیڈر کو نہیں مارنے جارہے ، ایرانی سپریم لیڈر آسان ہدف ہیں،ہم ایرانی سپریم لیڈر کو قتل کرنے نہیں جارہے ، ہمارا صبر جواب دے رہا ہے، ایران غیرمشروط طور پر ہتھیار ڈال دے، ہم نہیں چاہتے کہ میزائل شہریوں یا امریکی فوجیوں کو نشانہ بنائیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح امریکی حکام نے برطانوی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج مشرق وسطیٰ میں مزید لڑاکا طیارے بھیج رہی ہے، امریکی فوج مشرق وسطیٰ لڑاکا طیاروں کی تعداد میں اضافہ کررہی ہے۔

دوسری جانب چین کے صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ ہر سلطنت کو زوال کا سامنا کرنا پڑا، دنیا امریکہ کے بغیر بھی آگے بڑھ سکتی ہے۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ نے دنیا کا احترام کھو دیا تو وہی انجام دیکھے گا جو ماضی کی زوال پذیر سلطنتوں کا ہوا کیوں کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہر طاقتور سلطنت نے خود کو ناقابلِ شکست سمجھا مگر ہر ایک کا سورج آخرکار غروب ہوا، آج سے 100 سال پہلے برطانوی سلطنت عالمی تجارت پر چھائی ہوئی تھی، لوگ سمجھتے تھے اس سلطنت کا سورج کبھی غروب نہیں ہوگا لیکن وہ وقت بھی آیا جب برطانیہ عالمی منظرنامے سے پیچھے ہٹ گیا۔

شی جن پنگ نے مزید کہا کہ 200 سال قبل فرانس یورپ کے افق پر غالب تھا اور ایک وقت تھا جب ہسپانوی تخت و تاج منیلا سے لے کر میکسیکو تک حکومت کر رہا تھا، ہسپانوی بادشاہ یہ سمجھتے تھے کہ ان کی عظمت ہمیشہ قائم رہے گی لیکن تاریخ نے ثابت کیا کہ ہر سلطنت کو زوال کا سامنا کرنا پڑا، اسی طرح اگر امریکہ یہ سمجھتا ہے کہ وہ عالمی سیاست و معیشت میں ہمیشہ کے لیے ناگزیر ہے تو وہ ماضی کی ان سلطنتوں سے سبق لے، وقت بدلتا ہے اور قومیں بدلتی ہیں جو قوم دنیا کا احترام نہیں کرتی وہ خود اپنے زوال کی راہ ہموار کرتی ہے۔

علاوہ ازیں چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایرانی دارالحکومت تہران سے شہریوں کو فوری انخلاء کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ تنازعے کو ہوا دینے کی بجائے کشیدگی میں کمی کے لیے کام کرے، آگ پر تیل ڈالنے، دھمکیاں دینے اور دباؤ بڑھانے سے صورتحال میں بہتری نہیں آئے گی بلکہ اس سے خطے میں تنازعہ مزید گہرا اور وسیع ہو جائے گا، اس لیے عالمی طاقتیں ایران اسرائیل کشیدگی مزید بڑھانے کی بجائے اسے ختم کرنے میں کردار ادا کریں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات