Live Updates

امریکہ مشرقِ وسطٰی کی جنگ میں فریق بنا تو چین، روس کو بھی ایران کی مدد کیلئے آگے آنا ہوگا

امریکہ اب اپنے بچے جمہورے اسرائیل کو بچانے آئے گا، پاکستانی عوام برادر اسلامی ملک ایران کیساتھ کھڑی ہے۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 17 جون 2025 23:03

امریکہ مشرقِ وسطٰی کی جنگ میں فریق بنا تو چین، روس کو بھی ایران کی مدد ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔17 جون 2025ء ) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عالمی قوتیں اپنی مفاداتی جنگ کی خاطر دُنیا کو جنگ میں اُلجھائے رکھتی ہیں۔ امریکہ دُنیا بھر میں دہشت گردی کا سرپرست ہے۔ امریکہ کے ہاتھ مشرقِ وسطیٰ سمیت دُنیا بھر کے مسلمانوں کے خون سے رنگے ہیں۔ عالمِ اسلام کا اتحاد ہی عالمی امن کے قیام اور استعماری قوتوں کو لگام ڈالنے کا کردار ادا کرے گا۔

حماس اور ایران  کے تباہ کُن حملوں نے اسرائیل کو ہلاکر رکھ دیا ہے اور اُس کے ناقابلِ تسخیر ہونے کے غرور کو ملیامیٹ کردیا ہے۔ امریکہ اب اپنے بچے جمہورے اسرائیل کو بچانے آئے گا۔ اسرائیل کا ناجائز وجود عالمی امن کے لیے خطرناک ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیل اپنے ہی آتش فشاں میں جل کر خاک ہوجائے گا۔

لیاقت بلوچ نے وفاقی بجٹ 2025-26ء پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی بجٹ خود حکومت کے لیے وبالِ جان بن گیا ہے۔

پی پی پی کی طرف سے حکومت کو بلیک میلنگ کا سلسلہ نیا نہیں، یہ نُوراکُشتی اتحادی حکومت کے قیام سے ہی چل رہی ہے۔ پی پی پی نے حکومت میں رہ کر حکومت کو بلیک میل کرنے کا ایم کیو ایم والا اسٹائل اپنالیا ہے۔
لیاقت بلوچ نے غزہ پر جاری بدترین اسرائیلی جارحیت، فلسطینیوں کی نسل کُشی مہم، بالخصوص بچوں اور خواتین کے قتلِ عام پر اقوامِ متحدہ سمیت عالمی اداروں کی ناکامی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے حق میں عالمی قوانین کی یکطرفہ معطی، پامالی نے عالمی اداروں کو غیرمؤثر اور مفلوج کردیا ہے۔

اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی ادارے ناجائز اسرائیلی ریاست کو فلسطینیوں کے قتلِ عام سے روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں، سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی قرارداد ویٹو کرکے امریکہ نے اسرائیل کو فلسطینیوں کے قتلِ عام کا کُھلا لائسنس دے دیا ہے۔ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطینیوں کے تسلیم شدہ حقِ خودارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے وعدے پر عملدرآمد کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور کشمیری عوام کو بھی قابض بھارت کے ظلم و ستم سے بچانے کے لیے استصوابِ رائے کے ذریعے حقِ خودارادیت کا وعدہ پورا کرے۔

ایران پر اسرائیلی حملوں کے حوالے سے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ امریکہ مشرقِ وسطٰی کی جنگ میں فریق بنے گا تو چین، روس کو بھی ایران کی مدد کے لیے آگے آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام برادر اسلامی ملک ایران کیساتھ کھڑی ہے، ایران پر اسرائیلی جارحیت کا مقصد  یکے بعد دیگرے تمام اسلامی  ممالک کو کمزور کرنا اور خطے میں اسرائیلی دہشت گردی کے ذریعے گریٹر اسرائیل کے شیطانی منصوبے کو آگے بڑھانا ہے۔ سعودی عرب سمیت اسلامی ممالک کی اکثریت ایران کی حمایت اور اسرائیل کی مذم میں یک زبان ہیں۔ پاکستان نے بھی مشکل گھڑی میں برادر ملک اسلامی جمہوریہ ایران کی بھرپور مدد کا اعلان کیا ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات