Live Updates

چچا بھتیجی اور پیپلز پارٹی کی حکومت نے مل کر عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے

عالمی مارکیٹ کا بہانہ بنا کر پٹرول کی قیمت بڑھا دی گئی، بجلی پٹرول کی قیمتیں بڑھتی رہیں تو صنعت کیسے چلے گی؟ حکومت عوام کو نچوڑ کر مراعات یافتہ طبقہ کو نواز رہی ہے۔ امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 17 جون 2025 20:28

چچا بھتیجی اور پیپلز پارٹی کی حکومت نے مل کر عوام کا جینا دوبھر کردیا ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔17 جون 2025ء ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ صہیونی دہشت گردی نے پورے خطے کو لپیٹ میں لے لیا، ٹرمپ منافقانہ کردار ادا کررہا ہے، پاکستان کے حکمران امریکی صدر سے امیدیں وابستہ نہ رکھیں، حکومتی اور اپوزیشن پارٹیاں واشنگٹن کے خلاف ایک لفظ نہیں بولتیں اور نہ اسرائیل کے خلاف مظاہرہ کرتی ہیں۔

منصورہ میں سیکرٹری اطلاعات شکیل ترابی اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ساجد ناموس کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے حکومت کی غریب کش معاشی پالیسیوں پر تنقید کی اور کہا کہ چچا بھتیجی اور پیپلز پارٹی کی حکومت نے مل کر عام آدمی، کسان، مزدور، تنخواہ دار طبقہ کا جینا دوبھر کردیا ہے، حکمران عوام کو نشانہ بنانے کی بجائے اپنی عیاشیاں، پروٹوکول اور مراعات ختم کریں، بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتیں کم کی جائیں۔

(جاری ہے)

عوام کو امن اور بلوچستان میں لاپتہ افراد کے مسئلہ کے حل کے لیے کمیشن تشکیل دیا جائے۔ امیر جماعت نے نامساعد حالات کے باوجود ایران کی اسرائیلی جارحیت کیخلاف مزاحمت کو قابل ستائش قرار دیا اور ایران کے رہبر معظم، حکومت اور عوام کو یقین دلایا کہ پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے پاکستان کی حکومت کے ایران کی حمایت میں بیان کی تحسین کی اور اس حوالے سے سعودی عرب کے موقف کو بھی سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان غزہ اور ایران کے معاملہ پر قائدانہ کردار ادا کرے۔ مسلمان حکمرانوں نے متحد ہوکر غزہ اور ایران میں اسرائیلی جارحیت نہ روکی تو یہ کسی اور اسلامی ملک پر حملہ آور ہوجائے گا، موجودہ حالات میں شیعہ سنی کی تفریق پیدا کرنے والے اسرائیل کے آلہ کار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امریکی سرپرستی میں ہندوتوا اور صہیونیت کا اتحاد انسانیت کو پامال کررہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پنجاب حکومت نے زراعت کا بیڑہ غرق کردیا، سکول اور ہسپتال نجی شعبہ کے حوالے کیے جارہے ہیں۔ سندھ میں کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کا راج ہے، کے پی اور بلوچستان بدامنی کی آماجگاہ بن گئے ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ ایک طرف معیشت میں بہتری کے دعوے کرتے ہیں دوسری جانب عوام پر ٹیکس در ٹیکس لگائے جارہے ہیں، عالمی مارکیٹ میں اضافہ کا بہانہ بنا کر رات کی تاریکی میں پٹرول کی قیمت بڑھا دی گئی، بجلی پٹرول کی قیمتیں بڑھتی رہیں تو صنعت کیسے چلے گی؟ تنخواہ دار طبقہ نے پانچ سو ارب ٹیکس دیا، وزیرخزانہ بتائیں جاگیرداروں سے کتنا ٹیکس اکٹھا کیا؟ حکومت عوام کو نچوڑ کر مراعات یافتہ طبقہ کو نواز رہی ہے۔

تعلیم، صحت، امن حکمرانوں کی ترجیحات میں شامل نہیں، صوبوں کا دوہزار ارب کا تعلیمی بجٹ کرپشن کی نذر ہوجاتا ہے، تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، پنجاب کی ساری کارکردگی اشتہارات اور جعلی تشہیر کے گرد گھومتی ہے، حکومتیں اشتہارات نہیں پالیسیوں کی تشکیل سے چلتی ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ کے تین روزہ اجلاس میں ملکی اور عالمی صورتحال پر گفتگو ہوئی اور تجاویز دی گئیں۔

ہمارا مطالبہ ہے حکمران خود مراعات سمیٹنے کی بجائے عوام کو سہولیات دیں۔ پٹرولیم لیوی ختم ہوجائے تو قیمت چالیس فیصد کم ہوجائے گی۔ باقاعدہ کمیشن تشکیل دے کر بلوچستان میں لاپتا افراد کا مسئلہ حل کیا جائے۔ پاکستان فلسطین اور ایران کے مسئلہ پر قائدانہ کردار ادا کرے، ٹرمپ کی ثالثی سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوسکتا، اگر بھارت سے مذاکرات ہوتے ہیں تو پاکستان کشمیر پر اصولی موقف اپنائے۔

انہوں نے کہا کہ خطے کی صورتحال کے پیش نظر آئی پی پیز معاہدوں کے خلاف تحریک کو موخر کیا، عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رہے گی۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ اسلامی ممالک بیدار ہورہے ہیں، پاکستان میں مذہبی جماعتیں بھی ایران کے حق میں بول پڑی ہیں، یہ مثبت اشارے ہیں۔ انہوں نے کہا حالیہ ایران اسرائیل جنگ کے تناظر میں امریکہ نے ایک دفعہ پھر ثابت کیا کہ وہ سب سے بڑا منافق اور انسانیت کا دشمن ہے، ٹرمپ ایک طرف جنگ بندی کا کہہ رہا ہے اور دوسری جانب اسرائیل کی کھلم کھلا حمایت جاری ہے، انسانیت دوست ممالک کو امریکی سرپرستی میں صہیونی اور ہندوتوا اتحاد کے خلاف ایک ہونا پڑے گا۔

غزہ اور ایران کے معاملہ میں یورپ اور امریکہ کا دہرا معیار کھل کر سامنے آگیا ہے۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی اسٹیبلشمنٹ کی سیاست اور دیگر اداروں میں مداخلت کے خلاف آواز اٹھاتی ہے، دیگر حکومتی اور اپوزیشن پارٹیاں اسٹیبلشمنٹ سے مل کر کھیلتی ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات