پولیس سٹیشن ٹیری کا حاضر سروس ایس ایچ او 6 سالہ معصوم بچے کے قتل کے الزام میں چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

منگل 17 جون 2025 19:35

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء) کرک کی تحصیل بانڈہ داؤد شاہ کی مقامی عدالت نے پولیس سٹیشن ٹیری کے حاضر سروس ایس ایچ او کو 6 سالہ معصوم بچے کے قتل کے الزام میں چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ذرائع کے مطابق مقامی پولیس نے ملزم حکیم خان کو منگل کی صبح سخت سیکیورٹی میں بانڈہ داؤدشاہ کی مقامی عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد زیرحراست سابق ایس ایچ او کو چار روز کے لیے پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز تحصیل بانڈہ داؤدشاہ کے مرکزی علاقہ ٹیری میں پولیس سٹیشن ٹیری کے نو تعینات ایس ایچ او حکیم خان نے پولیس نفری کے ہمراہ ناکہ بندکرلی تھی کہ اسی دوران آنے والی ایک موٹر کار نمبر(LEE 1573) کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن مبینہ طورپر کار نہ رکنے پر پولیس نے براہ راست فائرکھول دیا جس کی زد میں آکر کار میں سوار کمسن چھ سالہ بچہ اویس قرنی موقع پر جاں بحق اور اس کا چچافواد سکنہ ٹیری زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع جنگل کی آگ کی طرح پورے شہر میں پھیل گئی جس کے بعد سینکڑوں مشتعل افراد نے پولیس سٹیشن ٹیری کے سامنے مقتول بچے کی لاش رکھ کر شدید احتجاج کیا ۔واقعہ کی اطلاع ملنے پرایس پی انوسٹی گیشن کرک اور دیگر حکام تھانہ ٹیری پہنچ گئے اور مظاہرین کے شدید احتجاج اور دباؤ کے نتیجے میں ایس ایچ او حکیم خان پر مقدمہ قتل درج کرکے حوالات میں بند کردیاگیا جس کے بعد مشتعل مظاہرین پرامن طورپر منتشر ہوگئے۔واضح رہے کہ ایس ایچ او حکیم خان نے دو روزقبل ہی پولیس سٹیشن ٹیری کا چارج لیا تھا ۔ادھرڈی پی او کرک نے واقعہ کے بعد پولیس سٹیشن ٹیری سے تبدیل ہونے والے ایس ایچ او سہیل کو دوبارہ تبدیل کرکے پولیس سٹیشن ٹیری کا ایس ایچ او تعینات کردیا۔