محرم الحرام کے پیش نظر فراہمی و نکاسی آب کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں، سی ای او واٹر کارپوریشن کی ہدایت

منگل 17 جون 2025 20:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن طفیل احمد ابڑو نے محرم الحرام کے مقدس ایام کے پیش نظر شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کے غیر معمولی اور مؤثر انتظامات کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ میڈیا سیل واٹر کارپوریشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سی ای او طفیل احمد ابڑو نے ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ضلعی انتظامیہ، منتخب عوامی نمائندوں، مذہبی قائدین بالخصوص شیعہ علما کرام اور دیگر مذہبی تنظیموں سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنائیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ محرم الحرام کے آغاز سے قبل شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل کیے جائیں، خاص طور پر مساجد، امام بارگاہوں، مجالس اور جلوس کے روٹس پر پانی کی فراہمی اور سیوریج نظام کی بہتری کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

سی ای او نے مزید ہدایت کی کہ تمام ایکسیئنز ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں رہیں اور مجالس و جلوس کے دوران پانی اور صفائی کے تمام امور کی نگرانی خود کریں۔

اس کے ساتھ ساتھ جلوس اور مجالس کے مقامات اور ان کے اطراف سیوریج لائنوں کی درستگی اور مین ہولز کی حالت بہتر بنانے کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو محرم کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو، اس مقصد کے لیے واٹر کارپوریشن کی تمام ٹیمیں الرٹ رہیں اور تمام ضروری انتظامات بروقت مکمل کریں۔

متعلقہ عنوان :