Live Updates

صوبائی حکومت نے بجٹ کا 17فیصد حصہ تعلیم کیلئے مختص کیا، میر شعیب نوشیروانی

منگل 17 جون 2025 22:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا ہے کہ تعلیم کا فروغ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، حکومت بلوچستان نے بجٹ کا 17فیصد حصہ تعلیم کیلئے مختص کیا ہے۔یہ بات انہوں نے منگل کو بلوچستان اسمبلی میں آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہی۔میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں تعلیم کا فروغ سر فہرست ہے، حکومت بلوچستان پورے صوبے میں معیاری تعلیم کی فراہمی کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

اس سلسلے میں ہر سال صوبائی بجٹ کا ایک بڑا حصہ تعلیم کے شعبے کے لیے مختص ہوتا ہے۔ جس کا مقصد بلوچستان میں سب کے لیے معیاری تعلیم تک رسائی کو ممکن بنانا ہے۔ حکومت بلوچستان عوا م کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

رواں مالی سال میں حکومت بلوچستان نے صوبائی بجٹ کا 17فیصد تعلیم جس میں سے 12.5فیصد اِسکول ایجوکیشن کے لئے ہے، مختص کیاگیا ہے ۔

رواں مالی سال برائے 2024-25میں ہماری صوبائی حکومت نے تعلیم کے شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے کے لئے اِیجوکیشن کابجٹ 34فیصد اور ترقیاتی بجٹ 51فیصد بڑھایا جس سے تعلیم کی بہتری میں مدد ملی۔رواں مالی سا ل2024-25 میں ہماری صوبائی حکومت نے ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن(ای سی ای) کلاسز کے لئے تقریبا ً100ای سی ای اساتذہ کی آسامیاں تخلیق کیں ۔ اِسی طرح حکومت بلوچستان نے رواں مالی سال کے دوران 18نئے پرائمری اِسکول قائم کیے اور ساتھ ہی 50پرائمری اِسکولوں کو مِڈل کا درجہ، 43مِڈل اِسکولوں کو ہائی کا درجہ اور 4ہائی اِسکولوں کو ہائر سیکنڈری اِسکولز میں اپ گریڈکیا۔

رواں مالی سال کے دوران موجودہ صوبائی حکومت نے 10337اساتذہ گریڈ 14اور گریڈ 15کی اسامیوں پر عارضی طور پر میرٹ پر بھرتی کیے ، 3025غیر فعال اِسکولوں کو فعال بنایا گیاتاکہ بلوچستان کے بچے اور بچیاں تعلیم کے زیور سے محروم نہ ہوں۔ صوبائی حکومت نے اِس سال بلوچستان کے تمام اِسکولوں میں مفت درسی کتابوں کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا اور اِس ضمن میں 1ارب روپے کی بچت بھی کی گئی۔اِسی طرح 97شیلٹر لیس اِسکولوں کو عمارتیں فراہم کی گئیں اور اِن میں 200ای سی ای کلاسز والے کمروں کی مرمت ونئے کمروں کی تعمیر بھی کروائی گئی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات