Live Updates

نئے مالی سال کے دوران محکمہ مواصلات وتعمیرات کیلئے ترقیاتی مد میں66ارب جبکہ غیرترقیاتی مد میں17ارب48کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ،وزیر خزانہ

منگل 17 جون 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) صوبائی وزیر خزانہ بلوچستان میرشعیب نوشیروانی نے کہاہے کہ نئے مالی سال کے دوران محکمہ مواصلات وتعمیرات کیلئے ترقیاتی مد میں66ارب جبکہ غیرترقیاتی مد میں17ارب48کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔بلوچستان اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے وزیر خزانہ میرشعیب نوشیروانی نے کہاکہ کسی بھی علاقے و عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے ذرائع مواصلات و تعمیرات اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

سرکاری عمارتوں ، سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کے حوالے سے یہ محکمہ بہ حیثیت ایک عمل درآمدی ادارہ کے پبلک سیکٹر میں ترقی و خوشحالی کے لیے اِنتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ بلوچستان جیسے وسیع و عریض صوبے ، جس میں مختلف آبادیوں کے درمیان زمینی فاصلہ بہت زیادہ ہے ، میں اِس محکمے کا کرداراِنتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

مواصلات کی بہتری کے لیے موجودہ صوبائی حکومت صوبے بھر میں شاہراہوں کامزید جال بچھانے کا ارادہ رکھتی ہے ۔

ہماری صوبائی حکومت رواں سال 2024-25 میں کئی صوبائی ترقیاتی اِسکیمات پرکام مکمل کر چکی ہیں جن میں تعمیر ٹراما سینٹر نواب غوص بخش میموریل ہسپتال مستونگ، سائنس کالج کوئٹہ کاتجدید اوررنگ و روغن وغیرہ کا کام، متبادِل صوبائی اِسمبلی حال کی تعمیر، کوئٹہ میں بی ایم سی کالج اور اِن کی ہاسٹل کی تعمیر، رئیسانی روڈ اور منیر احمد مینگل روڈ کی تعمیرات اور کوئٹہ شہر کے مختلف شاہراہوں پر پہلے سے قائم قالین بافی کے بچھانے کا کام اور اِن کی دوبارہ بحالی شامل ہیں ۔

محکمہ مواصلات و تعمیرات دوسرے محکموں کو بھی تعائون فراہم کرتا ہے۔جن میں بلوچستان ہائی کورٹ کوئٹہ کے پارکنگ پلازہ کی فراخی و توسیع ،ژوپ تا وانا روڈ کی تعمیر ، قلعہ سیف اللہ میں مرغہ فقیرزئی تا بادینی روڈ کی تعمیر شامل ہے ۔ رواں مالی سال وفاقی حکومت کے تعائون سے جاری ترقیاتی اِسکیمات جن میں فلائی اوور کی تعمیر پر3010.87ملین روپے، سبی تا تلی روڈاور کوہلو تا رکھنی روڈ کی تعمیر پر 3033.96ملین روپے اوردرگئی تا شبوزئی روڈ کی تعمیراوراِن کی اپ گریڈیشن پر 6929.859ملین روپے کی لاگت کے اخراجات کا تعین ہے جس پر کام تیزی سے جاری ہے۔مالی سال 2025-26 میں ترقیاتی مد میں اس شعبے کے لیے 66.8ارب روپے جبکہ غیر ترقیاتی مد میں 17ارب48کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات