Live Updates

1240 ارب کے ترقیاتی پروگرام میں سے 64 فیصد حصہ ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کیلئے مختص کیا گیا ‘ مریم اورنگزیب

بدھ 18 جون 2025 22:49

1240 ارب کے ترقیاتی پروگرام میں سے 64 فیصد حصہ ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ماحولیاتی تحفظ اور عوام کی زندگی کو محفوظ بنانے کے لیے تاریخی بجٹ پیش کر کے ایک وژنری لیڈر ہونے کا ثبوت دیا ہے۔سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ آئندہ مالی سال 2025-26کے لیے 1240 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں سے 64 فیصد حصہ ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے مالی سال میں ہر شعبے میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوں گے اور ماحولیاتی خطرات میں کمی کا سنگ میل عبور کیا جائے گا۔بجٹ میں ماحولیاتی خطرات سے بچاؤ کے لیے 371.739 ارب روپے جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اپنانے کے لیے 277.437 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح ماحولیاتی بہتری سے منسلک دیگر شعبوں کے لیے 145.956 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تمام شعبوں میں مربوط اقدامات کی حکمت عملی اپنائی ہے تاکہ مجموعی ماحولیاتی بہتری کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتری کے لیے 269.479 ارب روپے، عوام میں موسمیاتی مسائل کی آگاہی کے لیے 95.285 ارب روپے، موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کی استعداد بڑھانے کے لیے 65.172 ارب روپے، صحت اور سماجی خدمات کے شعبے میں بہتری کے لیے 61.671 ارب روپے، جبکہ آبی وسائل کے لیے 46.857 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مقدار کم کرنے اور جنگلات کے تحفظ کے لیے 15.795 ارب روپے، لائیو اسٹاک اور زراعت کے لیے 54.312 ارب روپے اور دیگر متفرق شعبوں کے لیے 186.562 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ان اقدامات کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کیا جائے گا اور عوام کو ایک محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جائے گا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات