صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ

بدھ 18 جون 2025 23:13

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ..
سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) عوام کو گھر کی دہلیز پرصحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سرگودھا آمد پر زیر تعمیر گورنمنٹ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی تکمیل سے سرگودھا ڈویژن اور اس کے ملحقہ علاقوں کے لاکھوں مریضوں کو نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے بہترین علاج کی سہولیات میسر آئیں گی۔

وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اس انسٹیٹیوٹ میں سینئر کارڈیالوجسٹس و دیگر تربیت یافتہ طبی عملہ فرائض سرانجام دے گا۔ صوبائی وزیر نے نوازشریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں او پی ڈی و دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

بیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ سروسز سرگودھا ڈاکٹر سارہ صفدر اور متعلقہ افسران و کنٹریکٹرز نے صوبائی وزیر صحت کو کارڈیالوجی سینٹر کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی تکمیل کا کام برق رفتاری سے جاری ہے اور اسے مقررہ وقت میں فنکشنل کر دیا جائے گا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ یہ انسٹیٹیوٹ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی طرف سے عوام کے لئے تحفہ ہے جہاں سرگودھا شہر اور گردونواح کے عوام کا جدید ٹیکنالوجی پر علاج معالجہ کیا جائے گا ۔ اس موقع پر کمشنر سرگودھا جہانزیب اعوان ، ڈپٹی کمشنر محمد وسیم ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد صہیب اشرف،چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر سارہ صفدر ، ڈی ایچ کیو میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سہیل طارق ، پرنسپل سرگودھا میڈیکل کالج محمد وارث فاروقہ اور محکمہ صحت کے دیگر بھی موجود تھے ۔