وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پرکابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس

بدھ 18 جون 2025 22:41

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پرکابینہ کمیٹی برائے امن و ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت کمشنر آفس سرگودھا میں محرم الحرام سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پرصوبائی صوبائی وزراء ملک صہیب احمد بھرتھ اور بلال اکبر خان بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور ایڈیشنل آئی جی پنجاب چوہدری سلطان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ ڈی آئی جی سپیشل برانچ خرم شہزاداور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عثمان گوندل نے بھی شرکت کی۔کمشنر سرگودھا جہانزیب اعوان اور آر پی او ڈاکٹر شہزاد آصف نے انتظامات بارے بریفنگ میں بتایاکہ سرگودھا ڈویژن میں تمام 5457 مجالس اور 1221 جلوسوں کے انتظامات مکمل ہیں۔

(جاری ہے)

167 شعلہ بیاں ذاکرین و مقررین کی ضلع بندی اور 108 کی زباں بندی کے احکامات جاری کئے ہیں۔سرگودھا میں آرمی کی 7 اور رینجرز کی 10 کمپنیاں سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہونگی۔سرگودھا ڈویژن میں 5953 مساجد، 631 امام بارگاہوں اور 1735 مدارس کے سکیورٹی انتظامات مکمل ہیں۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خود جاکر تمام اضلاع میں انتظامات کا جائزہ لے رہی ہے۔

انتظامیہ، پولیس، محکمہ صحت، سول ڈیفنس اور ریسکیو پوری طرح تیار ہیں۔ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹیاں پوری مستعدی سے تمام مسائل حل کر رہی ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب بھر میں محکمہ داخلہ کے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہاکہ سرگودھا کے پُرخلوص عوام انتظامیہ سے تعاون کے ساتھ سبیل، نیاز و لنگر کا اہتمام کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہاکہ عاشورہ پر امن، یکجہتی اور بھائی چارے کا پیغام دے رہے ہیں۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہاکہ سرگودھا ڈویژن کے بارڈر ایریاز میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں۔صوبائی سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہاکہ افواہوں کو ختم کرنے کیلئے تمام اضلاع میں ایک فوکل پرسن تعینات کیا جائے۔میانوالی ماڑی انڈس پر کشتیوں پر نکلنے والے روایتی جلوس کو ایس او پیز کے مطابق محفوظ بنایا جائے۔مقامی ممبرانِ صوبائی اسمبلی صفدر ساہی، میاں اکرام الحق، تمام ڈویژنل ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے اجلاس میں شرکت کی۔