Live Updates

/کفایت شعاری، ریوینیو اقدامات،بہتر مالی انتظام اور بھرپور تیاری کی وجہ سے سر پلس بجٹ پیش کرنے میں کامیاب ہوئے‘ مشیر خزانہ

منگل 17 جون 2025 22:45

گ*ُپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جون2025ء)مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے صوبائی اسمبلی میں بجٹ سیشن کے دوران سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے مالی نظم و ضبط، شفافیت اور کفایت شعاری کو اپنی بجٹ حکمت عملی کا حصہ بناتے ہوئے مالی سال 2024-25 میں نہ صرف 120 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کو کامیابی سے مکمل کیا بلکہ 150 ارب روپے سے زائد ترقیاتی اخراجات کئے، جو ایک اہم سنگِ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوامی فلاح کو مقدم رکھتے ہوئے مالی اصلاحات متعارف کرائیں، اخراجات کو محدود کیا، محصولات میں اضافہ کیا اور صوبے کی تاریخ میں سرپلس بجٹ دینے میں کامیاب رہی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے 150 ارب روپے ڈیبٹ فنڈ میں محفوظ کئے ہیں تاکہ مرحلہ وار صوبے کے قرضے اتارے جا سکیں۔

(جاری ہے)

مشیر خزانہ نے اس موقع پر وفاقی حکومت پر صوبے کے مالی حقوق کی ادائیگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے سلسلے میں صوبے کے آئینی اور مالیاتی حقوق کے تحفظ کے لئے بھرپور اور مؤثر انداز میں مقدمہ لڑا، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور وفاق اب 11واں این ایف سی ایوارڈ بلانے جا رہا ہے۔

انہوں نے تعلیم کے شعبے کو درپیش چیلنجز کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ اگرچہ خیبر پختونخوا میں آوٹ آف سکول بچوں کی صورتحال دوسرے صوبوں سے بہتر ہے، تاہم صوبے میں اب بھی 30 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں جو ایک تشویشناک حقیقت ہے۔ اس صورت حال کے پیشِ نظر حکومت تعلیمی ایمرجنسی نافذ کر رہی ہے تاکہ ہر بچے کو تعلیم کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

مزمل اسلم نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں 250 گھنٹوں پر مشتمل مشاورتی اجلاسوں کی قیادت کی، جس کے نتیجے میں ایک جامع، متوازن اور حقیقت پسندانہ سالانہ ترقیاتی پروگرام ترتیب دیا گیا، جو عوام کی ضروریات اور صوبے کی ترقیاتی ترجیحات کا آئینہ دار ہے۔مشیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بجٹ حکمت عملی عوامی مفاد، مالی استحکام، اور خود انحصاری کے اصولوں پر مبنی ہے، جس کا مقصد نہ صرف موجودہ مسائل کا حل بلکہ آنے والے وقت کے لئے پائیدار ترقی کی بنیاد رکھنا ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات