Live Updates

سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے ملٹری ڈومین میں ذمہ دارانہ مصنوعی ذہانت پر علاقائی مشاورت کا افتتاح کردیا

منگل 17 جون 2025 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) سیکرٹری امور خارجہ آمنہ بلوچ نے منگل کو اسلام آباد میں فوجی شعبے میں ذمہ دارانہ مصنوعی ذہانت پر دو روزہ علاقائی مشاورت کا افتتاح کردیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق اپنے کلیدی خطاب میں سیکرٹری خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ ملٹری ڈومین میں مصنوعی ذہانت کے استعمال نے جنگ کی نوعیت کو تبدیل کر دیا ہے، لیکن قانونی اور سیاسی ڈھانچے اس سے پیچھے رہ گئے ہیں۔

سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ یہ تبدیلی ایک انتہائی غیر مستحکم عالمی ماحول میں رونما ہو رہی ہے اور قوت کے استعمال کی حد کو کم کر رہی ہے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں خودکار ہتھیاروں کی صلاحیتیں پہلی بار ایٹمی ماحول میں استعمال کی گئیں، جس نے بحرانوں کے دوران فیصلہ سازی کا وقت کم کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی اسلوب اقوام متحدہ کے نظام سے وابستہ رہنے چاہئیں،ملٹری ڈومین میں مصنوعی ذہانت پر علاقائی مشاورت اس میں ایک اہم اضافہ پیش کرتا ہے۔

ترقی پذیر ممالک کو صلاحیتوں میں اضافہ اور علاقائی مکالمے کی ضرورت ہے تاکہ قواعد کی تشکیل میں سب کو شامل کیا جا سکے۔ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے اس بات پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت میں جدت کو قوانین کے تحت ہونا چاہیے، انسانی کنٹرول اور فیصلہ سب سے کلیدی رہنا چاہئے۔ سیکرٹری خارجہ نے مزید اس بات پر زور دیا کہ مغربی، وسطی اور جنوبی ایشیا کے 17 ممالک اس دو روزہ علاقائی مشاورت میں حصہ لے رہے ہیں، جو جمہوریہ کوریا، نیدرلینڈز اور اسپین کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات