پشاورپولیس لائنز میں اجلاس،تاجروں کا محرم الحرام میں امن و امان کے لیے تعاون کی یقین دہانی

بدھ 18 جون 2025 10:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) تنظیم تاجران خیبرپختونخوا کے صدر ملک مہرالٰہی نے کہاکہ دہشتگردی کےخلاف پولیس کے ساتھ تاجربرادری نے بھی ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں، تجارت کےلئے امن لازم و ملزوم ہے، محرم الحرام کے دوران امن وامان کی فضا برقراررکھنے کی خاطرتاجربرادری ماضی کی طرح امسال بھی پولیس کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گی۔

ان خیالات اظہارانہوں نے ملک سعدشہیدپولیس لائنزمیں محرم الحرام کے انتظامات بارے منعقدہ اجلاس میں کیا جس میں جنرل سیکرٹری تنظیم شکیل احمدخان صراف،ترجمان شہزاداحمدصدیقی،حاجی وحید،خان گل،ملک ظہورالٰہی اور جلال الدین سمیت مختلف بازاروں کے عہدیداروں نے شرکت کی جبکہ ایس ایس پی آپریشنز مسعودبنگش،ایس پی سٹی عتیق شاہ،ایس پی گلبہار ارشدخان،ڈی ایس پی امتیازعالم،ڈی ایس پی عمران مروت اوردیگر افسران بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی آپریشنزمسعودبنگش نے محرم الحرام کے دوران قیام امن کے لئے شہرکوسیل،ناکہ بندیوں،بازاروں کی بندش اوردیگرانتظامات سے تاجربراردری کوآگاہ کرتے ہوئے کہاکہ پشاورپولیس تاجروں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ہر سال محرم الحرام کے دوران امن کے قیام میں تاجروں نے پولیس کا بھر پور ساتھ دیا اورامیدہے یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

اجلاس میں تاجربرادری نے درپیش مختلف مسائل کی نشاندہی کی جنہیں پولیس حکام نے فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ملک مہرالٰہی نے کہاکہ پشاور ایک خوبصورت گلدستے کی مانند ہے جس میں مختلف مذاہب ومسالک کے لوگ رہ رہے ہیں،پشاور کی تہذیب کی وجہ سے محرم الحرام نہایت ادب اور احترام سے منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجلسوں کے تحفظ کے لئے تاجر برادری ہر ممکن تعاون کرے گی اورپولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔