سعودی حکام نے 7 عمرہ کمپنیوں کے اجازت نامے منسوخ کردیئے

بدھ 18 جون 2025 11:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے 7 عمرہ کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے اجازت نامے منسوخ اور بینک ضمانت ضبط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ مذکورہ کمپنیوں نے پیکیج کے مطابق عمرہ زائرین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے میں کوتاہی برتی ہے۔ یہ اقدام ان کوششوں کا حصہ ہے جو وزارت عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کوبہتر کرنے اور عمرہ کمپنیوں سے کئے گئے معاہداتی پروگراموں پر عمل درآمد کی نگرانی کے لئے کر رہی ہے۔

وزارت نے مذکورہ کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ان کے اجازت نامے معطل کر دئیے ہیں اور ان کی بینک ضمانتیں ضبط کر کے متاثرہ عمرہ زائرین کے لئےمتبادل ٹرانسپورٹ خدمات کی فراہمی کے اخراجات پورے کئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت نے اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ عمرہ زائرین اور حجاج کو ان کے تمام حقوق کی فراہمی اور اعلیٰ ترین معیار اور پیشہ ورانہ طریقے سے خدمات فراہم کرنے کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔

اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی یا معاہداتی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزارتِ حج و عمرہ نے تمام عمرہ کمپنیوں اور اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ منظور شدہ ضوابط و ہدایات کی مکمل پابندی کریں اور مقررہ وقت کے مطابق خدمات فراہم کریں تاکہ خدمات کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :