Live Updates

بجٹ میں نئے سیالکوٹ ٹیچنگ ہسپتال کےلئے 7 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ، منشاء اللہ بٹ

بدھ 18 جون 2025 14:19

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) رکن صوبائی اسمبلی پنجاب منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیالکوٹ کے باسیوں کا درینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سیالکوٹ ٹیچنگ ہسپتال کے قیام کےلئے 7 ارب روپے مختص کر دیئے ہیں۔اپنے ڈیرہ پر معززین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ 25-2024 کا پنجاب کا بجٹ ایک تاریخی بجٹ جس میں ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ تعلیم اور صحت کیلئے ریکارڈ فنڈز مہیا کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے کم از کم اجرت بڑھا کر 40 ہزار روپے کر دی ہے جو ان کی مزدور دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کے دیگر کئی منصوبوں کے علاوہ مفت ادویات کی فراہمی کےلئے 79.5 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جبکہ 24-2023 کے بجٹ میں اس مقصد کےلئے 56 ارب روپے مختص کئے گے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے اور درپیش چیلنجز کا مردانہ وار مقابلہ کیا ہے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہ صرف ملک کی معیشت ڈیفالٹ کے خطرات سے نکل چکی ہے بلکہ اب بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور عوام کے فلاح پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی عوامی خدمت نے گمراہ کن پروپیگنڈہ کو بھی فنا کر دیا ہے اور بے بنیاد بیانیہ کی سیاست کرنے والوں کو عوام نے نظر انداز کر دیا ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات