ایران پر بلا اشتعال حملہ نہ صرف اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے،ملک امیر کابل

بدھ 18 جون 2025 16:00

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)صدر اوورسیز پاکستانیز ویلفیئر کونسل کشمیر فورم لندن ملک امیر کابل نے ایران پر اسرائیل کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور خطے و عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے اسرائیلی جارحیت میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لے اور فیصلہ کن اقدامات کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران پر بلا اشتعال حملہ نہ صرف اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ ایک سنگین اشتعال انگیزی ہے جو مشرق وسطیٰ میں امن کے توازن کو برباد کرے گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پوری اوورسیز پاکستانی وکشمیری کمیونٹی ایرانی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اسرائیل کی جانب سے جارحیت کے ایسے اقدامات کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں وہ بار بار مجرمانہ اقدامات اٹھارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملہ ایسے تصادم کو جنم دے سکتا ہے جو ایک بڑے عالمی بحران میں تبدیل ہو جائے اور لاکھوں جانوں کے لیے خطرہ بنے۔انھوں نے اسرائیلی حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ایرانی عوام سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا،یہ سنگین اور نہایت غیر ذمہ دارانہ اقدام انتہائی تشویشناک ہے اور پہلے ہی غیر مستحکم خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیل سکتا ہے۔اب وقت آگیا ہے پوری امت مسلمہ متحد ومنظم ہو کر سازشی عناصر کا مقابلہ کرے اور منہ توڑ جواب دے۔