سرجیکل انڈسٹری کی تیسری نئی جدید مصنوعات کی نمائش 19جون کو منعقد ہو گی ، ترجمان

بدھ 18 جون 2025 18:45

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) سیالکوٹ سرجیکل انسٹرومنٹ مینو فیکچررز ایسو سی ایشن پاکستان (سیماپ ) کی جانب سےتیسری نئی جدید مصنوعات کی نمائش 19جون کو کینٹ ویو مارکی میں منعقد کی جائے گی ۔ نمائش کا مقصد سرجیکل آلات تیار کرنے والی فیکٹریوں کے مالکان اور سروس کنندگان کو ایک جدید پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر ترجمان سیماپ محمد عثمان بٹ نے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد سرجیکل صنعت کے تمام فریقین کو ایک جگہ جمع کرنے کا ایک سنہری موقع فراہم کرنا ہےتاکہ کاروباری حضرات زیادہ سے زیادہ مستفید ہوں ،یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں سرجیکل انڈسٹری کے مینوفیکچررز اور وینڈرز کو آپس میں آسان رسائی حاصل ہوگی۔

اس کے ساتھ یہ ایونٹ اُن اداروں کے لیے بھی ایک بہترین موقع ہے جو سرجیکل انڈسٹری کو مال، میٹریل، ٹولز اور دیگر سروسز فراہم کرتے ہیں، یہاں اپنی مصنوعات اور خدمات کو مؤثر انداز میں نمایاں کر سکتے ہیں اور اپنے کاروبار کو فروغ دے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں قومی خبر رساں ادارے ’’اے پی پی‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کم اخراجات میں اسٹال بکنگ کے ذریعے نئے بزنس کے دروازے کھولیں گے ، اپنی نئی جدید مصنوعات اور سہولیات کو براہ راست متعلقہ خریداروں کے سامنے پیش کریں اس نمائش کا مقصد سیماپ کی جانب سے ایک اہم قدم ہے۔

یہ سرجیکل انڈسٹری کے نظام کو بہتر بنانے اور صنعت میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک زبردست موقع ہے۔ہمیں یقین ہے کہ یہ ایونٹ سرجیکل صنعت کے روشن مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ معلومات اور سٹال بکنگ کے لیے ترجمان محمد عثمان 03057453327 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔