پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں اعلی کارکردگی کے حامل افسران کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد

جنوری تا جون شاندار کارکردگی دکھانے پر 263 افسران کو اسناد اور نقد انعامات سے نوازا گیا

بدھ 18 جون 2025 19:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے زیر اہتمام سال 2025 کے پہلے چھ ماہ جنوری تا جون کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مینیجنگ ڈائریکٹر سیف سٹی محمد احسن یونس ، چیف آپریٹنگ آفیسر مستنصر فیروز سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈ کواٹرز میں منعقدہ تقریب میں مجموعی طور پر 263 افسران کو ان کی شاندار کارکردگی پر اسناد اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔ افسران کو کارکردگی کی بنیاد پر گولڈ، سلور اور برانز کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا، اور شفاف ڈیجیٹل نظام کے تحت کارکردگی کے اعداد و شمار کا تجزیہ کرتے ہوئے انعامات کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، چائلڈ سیفٹی سینٹر، ورچوئل بلڈ بینک، میڈیا سنٹر، ایمرجنسی 15 ہیلپ لائن، آپریشنز مانیٹرنگ سنٹر، الیکٹرانک ڈیٹا اینالیسز سینٹر، ڈسپیچ اینڈ کنٹرول سنٹر اور ای چالان سینٹر میں کام کرنے والے نمایاں افسران کو ان کی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی سیف سٹی محمد احسن یونس کا کہنا تھا کہ یہ اسناد و انعامات محض رسمی اعزازات نہیں بلکہ افسران کی انتھک محنت، لگن اور فرض شناسی کا اعتراف ہیں۔

یہ اعزازات ان کے خدمت کے جذبے کو سراہنے اور آئندہ مزید بہتر کارکردگی کی ترغیب دینے کے لیے دیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر مستنصر فیروز نے کہا کہ کارکردگی پر مبنی انعامات کا مقصد ایک مثبت اور صحت مند مقابلے کا ماحول پیدا کرنا ہے جو افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید نکھارنے میں مدد فراہم کر رہا ہے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے اس طرح کی تقریبات کا انعقاد ایک قدم ہے ان مثالی اقدار کی طرف جو نہ صرف محنتی افسران کو ان کا حق دیتی ہیں بلکہ ادارے میں کارکردگی پر مبنی کلچر کو بھی فروغ دیتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :