گرمیوں میں مشروبات کا استعمال مختلف بیماریوں سے بچا سکتا ہے: ڈاکٹر عبدالصبور

بدھ 18 جون 2025 20:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) موسم گرما میں شدید تپش، لو اور مضر اثرات سمیت پسینے کی کثرت، ہیضہ، اسہال، بخار، جسمانی تھکاوٹ، اعصابی کمزوری سے بچنے کیلئے دیسی مشروبات، نمکین لسی ، ستو ، سردائی، شربت بزوری، صندل اور شکنج بین کا زیادہ استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ جسم سے ضائع ہونے والے نمکیات کے توازن کو بر قرار رکھ کر مختلف موسمی بیماریوں سے بچا جا سکے. ان خیالات کا اظہار سرگودھا میڈیکل کالج کے پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور تہامی نے موجودہ موسمی صورت حال کے حوالے سے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گوشت اور تیز مصالحے والی مرغن غذاؤں کو اپنی خوراک کا حصہ نہ بنائیں بلکہ سادہ غذا استعمال کریں ۔ڈاکٹر عبدالصبور تہامی نے کہا کہ اس موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کر کے کئی پریشانیوں سے بچاجا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلاد، تازہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال اشد ضروری ہے تاہم گلے سڑے پھلوں، باسی سبزیوں اور زیادہ وقت کیلئے کاٹ کر رکھے گئے سلاد کے استعمال سے گریز کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پانی ابال کر کثرت سے استعمال کریں تاکہ جسم کا نظام غیر متوازن ہونے کا خدشہ نہ رہے۔

متعلقہ عنوان :