ڈپٹی کمشنر جعفرآباد کی زیر صدارت بچوں کوحفاظتی ٹیکہ جات کی مہم کے سلسلے میں اجلاس

بدھ 18 جون 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت بچوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم ''بگ کیچ اپ'' کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی، این اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر عبدالغفار سولنگی، محکمہ صحت کی ٹیموں کے نمائندگان سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔

اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی نے ضلع بھر میں جاری حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ''بگ کیچ اپ'' مہم کا مقصد ان بچوں تک پہنچنا ہے جو کسی وجہ سے معمول کے حفاظتی ٹیکوں سے محروم رہ گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر خالد خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو مختلف مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، اس لیے ضروری ہے کہ تمام ٹیمیں ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بچوں کو 12 مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ٹیکے لگانا نہایت ضروری ہے، جن میں خسرہ، ٹی بی، کالی کھانسی، پولیو، تشنج، نمونیا اور دیگر مہلک بیماریاں شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کی ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ گھر گھر جا کر تمام بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائیں اور کسی بھی بچے کو مہم سے محروم نہ رہنے دیا جائے۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو بیماریوں سے بچانے کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات کی اہمیت کو سمجھیں اور ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں مثبت اقدامات کر رہی ہے، اب ہماری ذمے داری ہے کہ ان اقدامات کو زمینی سطح پر مؤثر انداز میں نافذ کریں تاکہ ہمارا مستقبل محفوظ اور صحت مند ہو۔

متعلقہ عنوان :