کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ کی زیر صدارت حویلیاں واٹر گریویٹی فلو سکیم سے متعلق اجلاس

جمعرات 19 جون 2025 16:56

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ کی زیر صدارت حویلیاں واٹر گریویٹی فلو سکیم کے حوالہ سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ہری پور شوذب عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس ہری پور اور ضلع ایبٹ آباد و ضلع حویلیاں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر (ڈبلیو ایس ایس سی) اور محکمہ آبپاشی کے افسران نے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ واٹر سپلائی سکیم کو تقریباً 4.6 کیوسک پانی درکار ہے، محکمہ آبپاشی کے افسران نے کمشنر ہزارہ کو دور ندی میں پانی کی کمی کے باعث کچھ نہروں کے خشک ہونے سے آگاہ کیا۔ اس صورتحال پر کمشنر ہزارہ نے محکمہ آبپاشی کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایبٹ آباد اور ہری پور کی تمام نہروں کا دورہ کریں اور معلوم کریں کہ کون کون سی نہریں فعال ہیں اور کون سی غیر فعال ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں کمشنر ہزارہ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس و پلاننگ) ایبٹ آباد کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی۔ اس کمیٹی میں ریونیو، پبلک ہیلتھ اور آبپاشی کے نمائندے شامل ہوں گے، یہ کمیٹی دور ندی کے ساتھ نکلنے والی نہروں کا معائنہ کرے گی، فعال اور غیر فعال نہروں کا ریکارڈ مرتب کرے گی اور پانی کے اخراج کی سطح (زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم) کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی کہ وہ تین یوم کے اندر اپنی تفصیلی رپورٹ مرتب کرکے ارسال کرے تاکہ اسے مزید کارروائی کیلئے صوبائی حکومت کو بھیجا جا سکے۔ بعد ازاں کمشنر ہزارہ نے ہری پور میں واکنگ ٹریک کی سکیم کی بھی منظوری دی۔

متعلقہ عنوان :