گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں چھٹے سالانہ کانووکیشن کا شاندار انعقاد ، یونیورسٹی کی پہلی 8 پی ایچ ڈی سکالرز کو ڈگریاں دی گئیں

جمعرات 19 جون 2025 22:55

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں چھٹے سالانہ کانووکیشن کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں جامعہ کی علمی، تحقیقی اور تدریسی کامیابیوں کا بھرپور انداز میں اعتراف کیا گیا۔ تقریب میں یونیورسٹی کی پہلی 8 پی ایچ ڈی اسکالرز کو ڈگریاں دی گئیں، جو ادارے کی علمی ترقی کی نمایاں علامت ہیں۔

چھٹے کانووکیشن میں کل 1783طالبات کو ڈگریاں دی گئیں۔ اس کے علاوہ مختلف شعبہ جات سے بی ایس کی 1474، ایم اے/ایم ایس سی کی 146 اور ایم فل/ایم ایس کی 92 طالبات کو بھی ڈگریاں عطا کی گئیں۔ ان تمام فارغ التحصیل طالبات کو ان کی علمی کامیابیوں پر بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔کانووکیشن کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری طارق سبحانی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئےرکن صوبائی اسمبلی چوہدری طارق سبحانی نے کہا کہ میں یہاں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی نمائندگی کر رہا ہوں،وزیر اعلی ٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تعلیم کے میدان میں مثالی کام کئے ہیں ، ہم نے طلباء کو ان کا حق دیا ہے، ہم نے طلباء کو لیپ ٹاپس اور سکالرشپ دی ہیں، ہم نے طالب علموں کو موٹر سائیکلزدی ، یہ تمام اقدامات وزیر اعلی ٰ پنجاب نے اپنی ہونہار بیٹیوں کے لئے کئے ہیں، یہی بیٹیاں ملک کا مستقبل ہیں ، جنہوں نے پاکستان کو آگے لیکر چلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی چارتحصیلوں میں سے تین کی اسسٹنٹ کمشنر خواتین ہیں۔ دیگر مہمانان اعزاز میں سابقہ وائس چانسلر یونیورسٹی و چیئرمین پی ایچ ای سی ڈاکٹر نظام الدین ،سابقہ وائس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر فرحت سلیمی، وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، رحیم یار خان ڈاکٹرعامراعظم خان، سابقہ وی سی پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر ،پرو ی سی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد مرتضی،ایسو سی ایٹ ڈین ڈاکٹربلال طاہر،ڈین یو ای ٹی پروفیسرڈاکٹر محمد شاہدرفیق،نامور سائنسدان اور ریسرچر ڈاکٹر این ایم بٹ چیئرمین، فارورڈ اسپورٹس،خواجہ مسعود اختر،ایلومینائی عذرہ سبطین اورنائب صدر ویمن چیمبر آف کامرس مس گل زیب تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے تمام ڈگری حاصل کرنے والی طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے شہر اقبال میں آنے والے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور یونیورسٹی کی ترقی، تحقیق، تدریسی معیار اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کنٹرولر امتحانات اور ان کی پوری ٹیم کو اس شاندار تقریب کے کامیاب انعقاد پر خصوصی طور پر سراہا۔