Live Updates

پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکس میں مزید اضافہ کرنے کی تیاریاں

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے حکومت کو پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی شرح 90 روپے تک بڑھانے کی اجازت دے دی

muhammad ali محمد علی جمعرات 19 جون 2025 20:04

پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکس میں مزید اضافہ کرنے کی تیاریاں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون2025ء) پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکس میں مزید اضافہ کرنے کی تیاریاں، حکومت کو پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی شرح 90 روپے تک بڑھانے کی اجازت دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مہنگائی 60 سال کی کم ترین سطح پر آ جانے کی دعویدار حکومت نے عوام پر نئے مالی سال کے آغاز پر نیا پٹرول بم گرانے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

اس حوالے سے جمعرات کے روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں اہم پیش رفت ہوئی۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں حکومت کو رواں مالی سال پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی شرح 90 روپے تک بڑھانے کی اجازت مل گئی۔ وزارت خزانہ حکام کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو آئندہ مالی سال کے دوران حکومت لیوی کی شرح 90 روپے کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے پٹرولیم لیوی کے ساتھ کاربن لیوی بھی عائد کرنے کی تجویز منظور کر لی۔ بتایا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال سے پٹرولیم لیوی کے علاوہ پٹرولیم مصنوعات پر کاربن لیوی بھی عائد کی جا سکے گی۔ فرنس آئل پر بھی پٹرولیم لیوی عائد کرنے کی تجویز ہے جس سے 100 ارب ریونیو متوقع ہے۔ وزارت خزانہ حکام کے مطابق ایک ہزار میگاواٹ کے آئی پی پیز کیلئے 1.2 ملین ٹن فرنس آئل امپورٹ کیا جاتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے دوران پٹرولیم لیوی کی مد میں 14 سو 68 ارب روپے عوام کی جیبوں سے نکالنے کا ہدف ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی ہوئی، تاہم پاکستان میں حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف منتقل نہیں کیا گیا۔ حکومت نے 16 جون سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا، جبکہ یکم جولائی سے پٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا ہونے کا امکان ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات