حج 2026ء کیلئے سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ سے زائد درخواستیں جمع ہو چکی ہیں، ترجمان وزارت مذہبی امور

جمعہ 15 اگست 2025 15:33

حج 2026ء کیلئے سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ سے زائد درخواستیں جمع ہو چکی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ حج 2026ء کیلئے سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ سے زائد درخواستیں جمع ہو چکی ہیں، ہفتہ 16 اگست کو درخواستیں جمع کرانے کے خواہشمند افراد کیلئے 14 بینکوں کی مجاز شاخیں کھلی رہیں گی۔ جمعہ کو وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے ''اے پی پی'' سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت مذہبی امور حج 2026ء کیلئے ''پہلے آئیے پہلے پائیے'' کی بنیاد پر حج درخواستیں جمع کر رہی ہے، مطلوبہ تعداد پوری ہوتے ہی درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی تاہم ہفتہ 16 اگست درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے جس کیلئے سٹیٹ بینک نے متعلقہ بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ 16 اگست ہفتہ کے دن مجاز شاخیں کھلی رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ آن لائن درخواستیں جمع کرانا چاہتے ہیں اور وہ رقم ٹرانسفر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں تو وہ آن لائن بھی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں تاہم بہتر یہی ہے کہ وہ متعلقہ بینکوں میں جا کر اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب تک سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ سے زائد درخواستیں جمع ہو چکی ہیں، مطلوبہ تعداد پوری ہوتے ہی درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اپنے رشتہ داروں کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے جس میں سے 70 فیصد سرکاری اور 30 فیصد پرائیویٹ سکیم کا ہے۔ \395