وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے آسٹریلوی سفیر نیل ہاکنز کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون پر گفتگو

جمعہ 15 اگست 2025 16:50

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے آسٹریلوی سفیر نیل ہاکنز کی ملاقات، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے آسٹریلوی سفیر نیل ہاکنز نے جمعہ کو وزارت ریلوے میں اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ملاقات میں ریلوے کے شعبے میں جدید تعاون، تکنیکی مہارت اور تجربات کے تبادلے پر اتفاق ہوا۔

(جاری ہے)

دونوں فریقین نے تکنیکی تعاون، تربیتی پروگرامز اور سیاحت پر مبنی ریل سروسز کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر ریلوے نے پاکستان ریلوے کی ترقی کیلئے شراکت داری کے نئے امکانات پر روشنی ڈالی اور آسٹریلیا کے اعلیٰ ریلوے نظام کو سراہا۔آسٹریلوی سفیر نیل ہاکنز نے وزیر ریلوے کی جانب سے ریلوے میں کی گئی اصلاحات کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات پاکستان میں ریلوے کے شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے تعلیمی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر دونوں فریقین کے درمیان تحائف کا تبادلہ بھی ہوا جو دوستانہ تعلقات کی علامت ہے۔