ڈویژنل انتظامیہ شہر کی خستہ حال سڑکوں کی بحالی،تعمیر و مرمت کیلئے متحرک،کمشنر مریم خان کی فیصل آباد شہر کی سڑکوں کی حالت بہتر کرنے کی ہدایت

جمعرات 19 جون 2025 20:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) ڈویژنل انتظامیہ شہر کی خستہ حال سڑکوں کی بحالی،تعمیر و مرمت کیلئے متحرک ہے۔ کمشنر مریم خان نے فیصل آباد شہر کی سڑکوں کی حالت بہتر کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کو اہم خستہ حال شاہراؤں کی مرمت جلد شروع کرانے کے احکامات صادر کئے ہیں۔کمشنر نے اپنے دفتر سے متصل سڑک سمیت جامعہ چشتیہ چوک،گول مسجد غلام محمد آباد،نعمت آباد جھنگ روڈ،ٹاٹا بازار لال مل چوک کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل کمشنر کنسولیڈیشن آصف چوہان،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن علی عباس بخاری بھی کمشنر کے ہمراہ تھے۔چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن نے عاشورہ محرم جلوسوں کے روٹس کی مرمت بارے بھی کمشنر کو آگاہ کیا۔کمشنر کا اس موقع پر کہنا تھاکہ آمدورفت میں شہریوں کو درپیش مشکلات کا سدباب کیا جائے گا، کارپوریشن حدود میں کوئی بھی گٹر ڈھکن کے بغیر نظر نہیں آنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ جن نئی بننے والی شاہراؤں کا کام تعطل کا شکار ہے وہ بھی جلد مکمل کیا جائے۔