بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ ،پنجگور اور خضدار میں کارروائیاں، 20دکانداروں پر جرمانہ عائد

جمعرات 19 جون 2025 20:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ ،پنجگور اور خضدار میں دودھ میں ملاوٹ وایکسپائر مواد پرکارروائی کرتے ہوئے 20دکانداروں پر جرمانہ عائد کیا۔ جمعرات کو بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کوئٹہ میں دودھ دہی میں ملاوٹ کرنے والے عناصر کے خلاف بی ایف اے ملک سیفٹی ٹیموں نے کلی شابو اور نیو سبزل میں کارروائیاں کی گئی ۔

اس دوران خالص دودھ میں پانی کی وافر مقدار اور خشک پاڈر کی ملاوٹ پر 7 دکانداروں کے خلاف ایکشن لیاگیااور دودھ فروشوں پر جرمانے عائد جبکہ دکانوں میں صفائی و اشیا ذخیرہ کرنے کے انتظامات کی بہتری اور شہریوں کو ملاوٹ سے پاک دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔قبل ازیں بی ایف اے کی جدید موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کی مدد سے متعدد دودھ فروشوں کی دکانوں سے ملک سیمپل لے کر آن دی اسپاٹ ٹیسٹ کیے گئے۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ کردہ سیمپلز میں سے جرمانہ کردہ سات مراکز کے دودھ میں ملاوٹ ثابت ہوئی۔اسی طرح قوانین کی خلاف ورزی پر ہزارہ ٹائون اور بروری روڈ میں بی ایف اے انسپکشن ٹیم کی کارروائی کی گئی اورزائد خوردنی مصنوعات کی موجودگی پر 2 جنرل سٹورز جبکہ گزشتہ ہدایات کے باوجود اشیا پر ایکسپائری تاریخیں ظاہر نہ کرنے سمیت مختلف وجوہات پر ایک بیکری شاپ اور پکوان میں چائنیز نمک کے استعمال ، صفائی کے نامناسب انتظامات ، کھانوں میں زیر استعمال کوکنگ آئل خراب ہونے پر پکوان سینٹر کے خلاف ایکشن لیا گیا۔

کارروائی کے دوران جنرل سٹورز سے برآمد شدہ سرکہ ، ساسز ، مختلف کمپنیوں کے پیکٹ کیک ، ایکسپائر بسکٹ اور غیر معیاری وہ زائد المعیاد غیر ملکی اشیا ضبط کرلیاگیا۔پنجگور کے ایرانی مارکیٹ میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی حکام کی ایکسپائرڈ خوردنی مصنوعات کی فروخت پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے 8 ہول سیل ٹریڈرز سے ایکسپائرڈ کھانے پینے کی بڑی مقدار پکڑی گئیں ۔

مضر صحت اشیا رکھنے پر تمام ہول سیل ٹریڈرز پر جرمانے عائد کرتے ہوئے ایکسپائریڈ اشیا ضبط کرکے موقع پر تلف کردی گئیں ۔اتھارٹی حکام کے مطابق مذکورہ ہول سیل ٹریڈرز سے زائد المعیاد مشروبات، جوس ، سنیکس ، بسکٹ و کیک اور بچوں کے کھانے کی ٹکی ٹافیاں پکڑی گئیں جبکہ ہول سیل ٹریڈرز نے فوڈ سیفٹی قواعد کے برخلاف گرد و غبار اور دھوپ میں خوردنی مصنوعات ذخیرہ کی ہوئی تھیں جو بی ایف اے ایس او پیز کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

خضدار میں ناقص و غیر صحت بخش خوراک کی فراہمی کی روک تھام کے لیے دیگر شہروں کی طرح خضدار شہر میں بھی کھانے پینے کے مراکز کی چیکنگ جاری ہے ،خضدار میں موجود بی ایف اے زونک انسپکشن ٹیم کی شہر کے مختلف مضافات میں چیکنگ کے دوران تین مراکز پر جرمانے عائد کئے گئے ۔فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق 1 فروٹ سٹال کے خلاف باسی پھلوں کی موجودگی اور ان کی تازہ پھلوں کے ساتھ سٹوریج سمیت مختلف وجوہات جبکہ 1 فوڈ پوائنٹ کے خلاف پکوان میں مضر صحت رنگوں کی مکسنگ اور صفائی ستھرائی کے نامناسب انتظامات پر ایکشن لیا گیا ۔